Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ میں ’دونوں ٹیموں کے لیے ایک جیسی کنڈیشنز‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ کراچی میں مختلف کنڈیشنز ہیں، گرمی بھی ہے۔ ہم نے پچھلے ٹیسٹ میچ میں ڈومینیٹ کیا۔ مجموعی طور ٹیم کی پرفارمنس اچھی رہی، ہم اسی کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے جمعے کو ویڈیو لنک پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’دونوں ٹیموں کے لیے ایک ہی طرح کی کنڈیشنز ہیں۔ میرے خیال میں اس میں گھبرانے والی بات نہیں ہے۔ بارش کی وجہ سے جو کھیل نہیں ہوا اگر ہو جاتا تو شاید مختلف نتائج ہوتے۔‘
’مختلف جگہوں کی مختلف کنڈیشنز ہوتی ہیں جن کے مطابق ہم کھلیتے ہیں۔ ون ڈے اور ٹی20 میچ میں صورت حال الگ الگ ہوتی ہے۔ یہاں آپ کو پانچ دن تک کھیلنا ہوتا ہے۔‘
’یہاں(کراچی میں) تھوڑا سا گرم موسم ہے جس سے سپنرز کو مدد ملے گی۔ لیکن یہاں آسٹریلیا والی کنڈیشنز نہیں ہیں۔‘
’کراچی کی پِچ کافی سپورٹنگ لگ رہی ہے۔ یہ تو باتیں چل رہی ہیں کہ پِچ ویسی ہونی چاہیے تھی، میرے خیال میں جو بھی پِچ ہو وہاں آپ کو محنت کر کے رنز بنانے اور آؤٹ کرنے ہوتے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’دنیا کی بہترین ٹیم آئی ہوئی ہے، اس کے سامنے پرفارمنس دکھانا مشکل کام ہے۔ آپ کو پلان کے مطابق کھیلنا ہوتا ہے۔ جس طرح ہماری ٹیم بولنگ اور بیٹنگ میں پرفارمنس دکھائی، ہم اسی کو لے کر چلیں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’ہم نے فائنل الیون کا فیصلہ تقریباً کر لیا ہے۔ ہمارے دو مین پلیئرز واپس آئے ہیں۔ کراچی میں شروع میں بولرز کے لیے چیلنج ہوتا ہے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کہ وجہ سے اعتماد ملا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’ہماری سٹرنتھ بولنگ اور بیٹنگ دونوں ہیں۔ اتار چڑھاؤ آتے جاتے رہتے ہیں۔ ہم یہ سمجھتے ہیں ہر کھلاڑی پرفارم کر سکتا ہے۔ ہمارے تجربہ کار بولرز نے بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ اہم یہ ہے کہ ہم بطور ٹیم کیسا کھیل پیش کر رہے ہیں۔‘
’ہمارے بیٹسمینوں نے بچ کو سمجھنے کے بعد بہترین کھیل پیش کیا۔‘
پاکستان ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ میں چار سنچریاں بنائیں جبکہ نعمان نے چھ وکٹیں حاصل کیں، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو نفسیاتی برتری حاصل ہے؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’بالکل ہمیں اپنے کھلاڑیوں کی پرفارمنس کہ وجہ سے اعتماد ملا ہے۔ اس سے ہمیں مومینٹم ملا ہے۔‘
خیال رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے بھی دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے اور اس میچ میں جوش ہیزل ووڈ کی جگہ لیگ سپنر مچل سوئپسن ڈیبو کریں گے۔
مچل سوئپسن کے سے متعلق غیر ملکی صحافی کے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے کہا کہ ’ میں نے انہیں زیادہ نہیں دیکھا۔ ہم ان کی ویڈیوز دیکھ کر پلان مرتب کریں گے۔‘

شیئر: