Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں  دینی معلومات کے لیے 32 علما تعینات

مسائل دریافت کرنے کےلیے ٹول فری نمبر بھی مخصوص کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
 حرمین شریفین کی انتظامیہ نے مسجد الحرام کے زائرین کو درست دینی معلومات فراہم کرنے اور ان کے استفسارات کے جوابات دینے کے لیے 32 علما تعینات کردیے ہیں۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام میں دینی آگہی فراہم کرنے والے ادارے کے  سربراہ سلطان البقمی نےکہا ہےکہ زائرین عمرہ، روزوں اورعبادت سےمتعلق مختلف استفسارات کرتے ہیں۔
انہیں تسلی بخش ومدلل جواب دینے کے لیے مستندعلما مقرر کیے ہیں۔ 
البقمی نے بتایا کہ مسجد الحرام میں 7 مقامات پر استفسارات کے جواب دینے کے لیے علما ہوں گے۔ علاوہ ازیں 4 دفاتر کھولے گئے ہیں جن سے ٹیلیفون کے ذریعے رابطہ کرکے سوالات کے جواب حاصل کیے جاسکیں گے۔ یہ  سہولت 24 گھنٹے میسر ہوگی۔ 
البقمی نے اطمینان دلایا کہ انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ زائرین کو مذہبی معلومات مہیا کی جاتی رہیں۔ ان کے استفسارات کے جوابات بروقت دیے جاتے رہیں۔ اس طرح  ایسے لوگوں سے بھی زائرین بچ جاتے ہیں جو بغیر جانے سمجھے دینی استفسارات کے جواب دینے لگتے ہیں۔ 
انتظامیہ نے تمام زائرین کے لیے دو مفت نمبر 8001222400 اور 8001222100 مختص کیے ہیں جن پر رابطہ کرکے استفسارات کے جواب حاصل کیے جاسکتے ہیں۔   

شیئر: