Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کا ڈی چوک کے بجائے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کا فیصلہ

چیف جسٹس نے کہا تھا ’کوشش کریں کہ ڈی چوک میں جلسہ نہ ہو۔‘ (فائل فوٹو اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف نے 27 مارچ کے جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈی چوک کے بجائے پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت کے لیے درخواست دائر کر دی ہے۔
پیر کو پی ٹی آئی نے ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ جلسے کی جگہ تبدیل کی جائے اور اس حوالے سے انتظامات کیے جائیں۔
اس سے قبل پیر ہی کو چیف جسٹس آف پاکستان نے صدارتی ریفرنس اور سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست کی سماعت کے دوران سیاسی جماعتوں کے شاہراہ دستور پر جلسوں کے اعلان کے حوالے سے کہا تھا کہ ’کوشش کریں کہ ڈی چوک میں جلسہ نہ ہو، جلسوں میں تہذیب کے اندر رہتے ہوئے تقاریر کی جائیں۔‘  
سپریم کورٹ نے دونوں فریقین کو ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرکے جلسوں کی تاریخ اور جگہ کا تعین کرنے کی ہدایت کی تھی۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ ’ضلعی انتظامیہ کے ساتھ یہ طے کر لیں کہ پارلیمنٹ سے کتنی دوری پر جلسے ہوں گے، دونوں فریقین کے جلسوں کا وقت اور جگہ الگ ہو تاکہ کسی قسم کا تصادم پیدا نہ ہو۔‘
سماعت کے دوران اٹارنی جنرل آف پاکستان نے عدالت کو یقنی دہانی کروائی کہ ’ارکان پارلیمنٹ کو کسی ہجوم کے ذریعے ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جائے گا اور حکومت پر امن طریقے سے احتجاج کرے گی۔‘
ادھر پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے۔

شیڈیول کے مطابق اپوزیشن کا لانگ مارچ 27 مارچ کی صبح اسلام آباد میں داخل ہوگا (فوٹو اے ایف پی)

اس جلسے سے پہلے ملک بھر سے لانگ مارچ اسلام آباد پہنچیں گے۔ یہ احتجاج وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کی تحریک کا حصہ ہے۔ 
مسلم لیگ ن نے جمعہ کو مشاورت کے بعد اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے شیڈیول کا اعلان کیا تھا۔ 
مسلم لیگ ن کی جانب سے جو لانگ مارچ کا شیڈیول جاری کیا گیا ہے اس کے مطابق مارچ کا باقاعدہ آغاز تو 24 مارچ کو لاہور سے ہوگا اور یہ 25 تاریخ کو یہ گوجرانوالہ سے جہلم پہنچے گا۔ 
شیڈیول کے مطابق یہ لانگ مارچ 26 مارچ کو روالپنڈی میں قیام کرے گا اور 27 مارچ کی صبح اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

شیئر: