Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور ٹیسٹ: پاکستانی بیٹنگ لائن ناکام، آسٹریلیا کو 134 رنز کی برتری

پاکستان کی آخری چھ وکٹیں محض 20 رنز پر گریں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کے سیریز کے آخری میچ میں تیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلیا نے پاکستان پر 134 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے۔
بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر چار اور عثمان خواجہ سات رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
قبل ازیں پیٹ کمنز اور مچل سٹارک کی عمدہ بولنگ کی بدولت پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 391 رنز کے جواب میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی آخری چھ وکٹیں صرف 20 رنز کے اضافے کے ساتھ گریں اور تین ٹیل اینڈرز بٖغیر کوئی سکور بنائے پویلین لوٹیں۔
عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابر اعظم 67 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے پانچ اور سٹارک نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
 بدھ کو تیسرے دن کے کھیل کا آغاز پاکستان نے 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان پر کیا۔
اوپنر عبداللہ شفیق نے پہلے سیشن کے دوران اپنی نصف سینچری مکمل کی اور کھانے کے وقفے کے بعد لائن کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 81 رنز بنائے۔ 
اظہر علی آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے جو 78 رنز سکور کر کے پیٹ کمنز کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
ان کے بعد سوائے کپتان بابر اعظم کے کوئی اور بے باز نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا۔
پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی اوپنر امام الحق تھے جنہوں نے 11 رنز سکور کیے اور پیٹ کمنز کا نشانہ بنے۔
خیال رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز 391 رنز بنائے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے عثمان خواجہ نے 91 اور کیمرون گرین نے 79 رنز بنائے۔ الیکس کیرے نے 67 اور سٹیو سمتھ نے 59 رنز سکور کیے۔

پیٹ کمنز نے پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 58 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے 24 اوورز میں 79 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
پاکستان کے سپنرز نعمان علی اور ساجد خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

شیئر: