Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی بیٹنگ آرڈر: ’بھائی یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا‘

آسٹریلیا کو پاکستان پر اب تک 134رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں تیسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 11 رنز بنالیے ہیں اور اس کا کوئی کھلاڑی آؤٹ نہیں ہوا۔
اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 268 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئی تھی اور یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ میزبان ٹیم کی آخری سات وکٹیں صرف 20 رنز کے اندر گریں۔
ایک موقع پر پاکستان کے 248 رنز پر صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے پھر کچھ ہی دیر میں 268 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔
سوشل میڈیا صارفین اس وقت پاکستان کے مڈل آرڈر سے مایوس نظر آرہے ہیں اور بیٹرز پر طنزومزاح کے نشتر برسارہے ہیں۔
عبدالواسع نامی صارف نے میم کے ذریعے پاکستانی کھلاڑیوں کے بارے میں لکھا کہ ’بھائی، یہ تو شروع ہوتے ہی ختم ہوگیا۔‘

انمول فریا نامی صارف نے لکھا کہ ’آخری 10 اوورز، 20 رنز اور 6 وکٹیں، کامیڈی چل رہی ہے یہاں۔‘

’دا کریٹیکل‘ نامی اکاؤنٹ نے لکھا کہ ’پاکستان کی بیٹنگ ایسے فوراً گری جیسے فواد عالم اپنا بیٹنگ کا انداز بدلتے ہیں۔‘

محمد ریحان نامی صارف نے لکھا کہ ’میں واش روم گیا پاکستان کی چھ وکٹیں باقی تھیں، واپس آیا تو سب وکٹیں گرگئیں۔‘

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 391 رنز بنائے تھے اور اس طرح مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 123رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ 
پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق 81، اظہر علی 78 اور بابر اعظم 67 رنز بنا کر نمایاں رہے، تاہم ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز آسٹریلوی بولنگ کا جم کر سامنا نہ کرسکا۔ 
آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز نے پانچ اور مچل سٹارک نے چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ نیتھن لائن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 

شیئر: