Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مرغیوں کو تنگ کیوں کیا؟ چچا نے بھتیجے کو گولی مار دی

پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں چچا نے مرغیوں کو تنگ کرنے پر بھتیجے کو گولی مار کر قتل کردیا۔
بدھ کو پشاور کے علاقے آغا میرجانی کے مہمند آباد میں مرغیوں کو تنگ کرنے پر چچا نے طیش میں آکر کمسن بھتیجے اور اس کی ماں کو گولی مار دی جس کے نتیجے میں بھتیجا ہلاک جبکہ اس کی والدہ زخمی ہوگئیں۔
متعلقہ علاقے کے تھانہ یکہ توت میں درج ایف آئی آر میں بچے کی زخمی ماں نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’اس وقت ان کا بیٹا مدثر ان کی گود میں تھا جب اس کے چچا محسن نے غصے میں آکر میرے بیٹے کو مارنے کے لیے پستول نکال کر فائرنگ کردی۔‘
’فائرنگ کے نتیجے میں کمسن بچہ موقعے پر ہلاک ہوگیا جبکہ میں بائیں ران پر گولی لگنے کی وجہ سے شدید زخمی ہوگئی ہوں۔‘
ایف آئی آر میں مزید لکھا ہے کہ ’جان سے مارنے کی وجہ زبانی تکرار اور چوزوں کا تنازع تھا۔ ملزم محسن ولد خیال محمد سکنہ مہمند آباد نے اپنے گھر میں مرغیاں پال رکھی تھیں جن کو ان کا بھتیجا مدثر اکثر تنگ کرتا تھا۔‘
گولی لگنے کی وجہ سے بچے کی ماں ہسپتال میں زیر علاج ہے جبکہ ملزم ارتکاب جرم کے بعد فرار ہوگیا ہے۔
پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

شیئر: