Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ووٹ لینے یا لوگوں کو راغب کرنے کے لیے مذہب کو استعمال نہیں کرتا: عمران خان

وزیراعظم نے اپوزیشن کا ذکر دیتے ہوئے کہا کہ ’وہ چاہتی ہے کہ اس کے خلاف تمام کیسز ختم کر دیں‘ (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’ووٹ لینے یا لوگوں کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے مذہب کو استعمال نہیں کرتا، اللہ تعالیٰ نے مجھ سے وہ کام لیا جو کسی اور سے نہیں لیا۔‘
جمعے کو مانسہرہ میں جلسے سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں منڈی لگی ہوئی ہے جہاں لوگوں کے ضمیر خریدنے کے لیے 20 کروڑ، 25 کروڑ کی پیش کش کی جارہی ہے۔
انہوں نے منسہرہ سے اپنی پارٹی کے ایم این اے صالح محمد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ووٹ بیچنے کے لیے انہیں 20 یا 25 کروڑ کی آفر کی گئی تھی۔‘
’صالح محمد کے سامنے بھی دو راستے تھے۔ ایک تو یہ کہ پیسے لیں اور کہیں کہ میرا ضمیر جاگ گیا ہے، اور دوسرا مشکل راستہ ہے جو انسان کی عزت کا راستہ ہے۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ ’اللہ کا حکم ہے کہ ہر انسان اچھائی کے ساتھ کھڑا ہو اور بدی کے خلاف جہاد کرے۔ وہ معاشرہ تباہ ہو جاتا ہے جہاں لوگ اچھائی کے ساتھ کھڑے نہیں ہوتے۔‘
’اللہ نے کسی کو اجازت نہیں دی کہ اچھے اور برے کی جنگ میں نیوٹرل رہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’عدم اعتماد کی جنگ کا ایک ہی مقصد ہے کہ سارے کیسز ختم ہوجائیں، جس دن میں نے کیسز معاف کیے اس دن پاکستان سے سب سے بڑی غداری کروں گا۔‘
اپوزیشن کا ذکر دیتے ہوئے انہوں ںے کہا کہ وہ چاہتی ہے کہ اس کے خلاف تمام کیسز ختم کردیں اور این آر او دے دیا جائے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’ایسے لیڈروں نے ملک پر حکومت کی جنہوں نے یہاں سے پیسہ چوری کر کے باہر بھیجا اور ان ملکوں کے غلام بن گئے۔‘
’دو بڑی سیاسی جماعتوں میں سے ایک کے دور حکومت میں امریکہ کی جنگ لڑتے رہے، اسی دوران 80 ہزار پاکستانی ہلاک مارے گئے اور 400 ڈرون حملے کیے گئے لیکن بھر بھی امریکہ کے آگے نہیں بولے۔‘
’ہم سب سے دوستی کریں گے لیکن کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔ میں آپ کو ثابت کر کے دکھاؤں گا کہ ہرے پاسپورٹ کی عزت کیسے ہوتی ہے۔‘

شیئر: