Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم کو بجٹ کے بعد انتخابات کرانے کا مشورہ دیا ہے: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم بھی تحریک عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنے آرہے ہیں۔
سنیچر کو اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر ہم جام عبدالکریم کو گرفتار کرلیں گے۔‘
ہم نے اس سلسلے میں کوتاہی برتی ہے، آج ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالیں گے اور انٹرپول کو بھی آگاہ کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس پارٹی کی حالت کا اس سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ ایک قاتل مفرور کو بھی ووٹ ڈلوانے کے لیے دبئی سے لارہے ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ان کی ’کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔‘
شیخ رشید نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون اس کو ہاتھ میں لے گا۔‘
انہوں نے او آئی سی کے انعقاد پر سب کو مبارک باد دیتے ہوئے انکشاف بھی کیا کہ ’اس موقعے کے لیے ملک دشمنوں کا کچھ ایجنڈا بھی تھا۔‘
’تحریک عدم اعتماد کے بعد اس بارے میں بتاؤں گا۔‘
وزیر داخلہ کے مطابق ’آرٹیکل 245 کے تحت ضرورت پڑنے پر حکومت فوج کو طلب کر سکتی ہے۔‘
’امید ہے ضرورت نہیں پڑے گی، تاہم اگر پڑی تو وہ خود ہی آجائیں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’جلسوں کے دوران کسی کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
’کسی کو دھرنا دینے کی اجازت بھی نہیں ہوگی، کسی نے دھرنا دیا تو وہ دھر لیا جائے گا۔‘
شیخ رشید کے بقول ’اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لائے جانے کا اقدام عمران خان کی مقبولیت میں اضافے کا باعث بنا ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق ’انہوں نے وزیراعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ دیا جو انہوں نے نہیں مانا۔‘

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’انہوں نے وزیراعظم کو قبل از وقت انتخابات کا مشورہ دیا ہے‘ (ٖفائل فوٹو: پی ٹی آئی)

ان  کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’میں نے وزیراعظم کو قبل از وقت انتخابات کا مشورہ دیا ہے اور ان سے کہا ہے کہ ہمیں بجٹ کے بعد انتخابات کی طرف بڑھنا چاہیے۔‘
تحریک انصاف کی جانب سے اتوار کو اسلام آباد میں  ہونے والے جلسے کے حوالے سے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’اس کے لیے سب سے بڑی ریلی راولپنڈی سے آئے گی جس کی قیادت وہ خود کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان حکومت میں ہوں یا اپوزیشن ان کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔‘
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نواز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ ’لندن والے بس خواب دیکھتے رہیں۔‘
ای سی ایل کمیٹی کی میٹنگ

وزیر داخلہ نے جام عبدالکریم کو دبئی میں گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے (فوٹو وزارت داخلہ)

سنیچر کو وزارت داخلہ کی پریس ریلیز کے مطابق کابینہ کی ای سی ایل کمیٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر قانون فروغ نسیم نے شرکت کی۔
پریس ریلیز کے مطابق ’ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم سمیت دیگر افراد کا نام ای سی ایل میں شامل کر دیا گیا ہے۔‘
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کے ڈی جی کو انٹرپول کے ذریعے ’ریڈ وارنٹ‘ جاری کرنے اور اس گرفتاری کو دبئی میں ممکن بنانے کی ہدایت کی ہے۔

شیئر: