Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف ریجن میں سینکڑوں برس قدیم شہر کے کھنڈر دریافت

البویتات 2500 برس سے کہیں زیادہ پرانا ہے (فوٹو سبق)
سعودی عرب کے الجوف ریجن کے شمالی علاقے میں تاریخی شہر (البویتات) کے کھنڈر دریافت ہوئے ہیں۔
یہ پرانی آبادی کے کھںڈر پر مشتمل ہے اور ابھی تک اس کی بنیادیں موجود ہیں۔  
سبق ویب سائٹ کے مطابق مغربی سکالر موزل نے 1914- 1915 کے دوران تحریر کیا تھا کہ بویتات میں چھوٹے چھوٹے مکانات تھے۔ وہاں پانی کی ٹنکیاں بھی تھیں۔ اب ان کی بنیادیں باقی بچی ہیں۔
مغربی سکالر نے خیال ظاہر کیا تھا کہ قدیم زمانے میں البویتات عراق سے الجوف اور پھر وہاں سے تیما جانے والے تجارتی شاہراہ پر واقع ہوا کرتا تھا۔ یہاں تاجروں کے قافلے ڈیرا ڈالتے اورآرام کر کے آگے بڑھتے تھے۔ 

البویتات کے مکانات میں سے بیشتر زمین بوس ہو چکے ہیں(فوٹو سبق)

البویتات جمع کا صیغہ ہے اس کا مفرد بویت ہوتا ہے۔ یہ عربی کے معروف لفظ (بیت) کی تصغیر ہے جس کے معنی چھوٹے سے گھر کے ہوتے ہیں۔
البویتات کے مکانات پانچ لاکھ مربع میٹر کے رقبے میں بکھرے ہوئے ہیں۔ بعض مکانات کے درمیان پانچ سے دس اور کئی میں ساٹھ میٹر تک کا فاصلہ ہے۔  
البویتات کے مکانات کی تعداد تیس ہے۔ ان میں سے بیشتر زمین بوس ہو چکے ہیں، ان میں 15 مکان ایسے ہیں جو باقی بچے ہیں البتہ وہ بھی مکمل اور اچھی حالت میں نہیں ہیں۔  
البویتات کے گھر کئی کمروں پر مشتمل ہیں۔ بعض دو کمروں دیگر تین کمروں والے ہیں۔ کئی ایسے بھی ہیں جو صرف ایک کمرے والے ہیں۔
مکان کے اطراف چھوٹا سے احاطہ بنا ہوا ہے۔ بعض کا احاطہ دو میٹر اونچا دیگر کا کم ہے۔ دیواروں کی موٹائی پچیس سے چالیس سینٹی میٹر کے لگ بھگ ہے۔  
بیشتر کمروں کا رقبہ دوبائی دو میٹر ہے۔ یہاں موجود مکانات کی چھتیں گر گئی ہیں۔ چھت اہرام کی شکل کی ہیں۔

۔ اس کا تعلق بابل کے فرمانرواں بخت نصر دور سے ہے( فوٹو سبق)

تاریخی سکالر زاھی الخلیوی کا کہنا ہے کہ البویتات 2500 برس سے کہیں زیادہ پرانا ہے۔ اس کا تعلق بابل کے فرمانرواں بخت نصر دور سے ہے جو دس برس تک تیما میں سکونت پذیر رہا تھا جہاں سے اس نے خیبر، یثرب اور فدک تک لشکر کشیاں کی تھیں۔ 
الخلیوی کا خیال ہے کہ البویتات پانی کے کنووں اور تجارتی شاہراہ کو تحفظ فراہم کرنے کےلیے قائم کیا گیا تھا۔ یہ بابل اور تیما کو جوڑنے والی شاہراہ کے وسط میں واقع تھا۔اسے راہبوں کے گرجا گھروں کے طور پر بھی استعمال کیا گیا۔

شیئر: