Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’بائیڈن کے بیٹے نے ماسکو کے میئر کی اہلیہ سے 35 لاکھ ڈالر لیے‘

ڈونلڈ ٹرمپ بغیر ثبوت کے اپنی سیاسی حریفوں پر الزام عائد کرتے آئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن سے کہا ہے کہ وہ جو بائیڈن کے بیٹے کے غیر قانونی عمل سے متعلق معلومات فراہم کریں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں الزام عائد کیا ہے کہ روسی دارالحکومت ماسکو کے میئر کی اہلیہ نے صدر جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر بائیدن کو 35 لاکھ ڈالر دیے تھے۔
 ریپبلکن جماعت سے تعلق رکھنے والے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی رقم ہے اور صدر ولادیمیر پوتن کو اس کا علم ہوگا اور انہیں یہ معلومات جاری کرنی چاہیے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر وہی الزامات دہرانا شروع کر دیے ہیں جو وہ سال 2020 کی صدارتی مہم کے دوران اپنے سیاسی حریفوں پر عائد کرتے تھے تاہم اس حوالے سے وہ کبھی بھی کوئی ثبوت نہیں فراہم کر سکے۔
سابق صدر اس سے پہلے بھی یہ الزام عائد کرتے آئے ہیں کہ صدر جو بائیڈن سے سیاسی فائدے حاصل کرنے کی غرض سے ہنٹر بائیڈن نے ماسکو کے میئر یوری لژکوف کی اہلیہ ایلینہ بتورینا سے رقم لی تھی۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دور حکومت میں یوکرین کے صدر وولودمیر زیلنسکی پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ جو بائیڈن کے بیٹے سے متعلق غیر قانونی معلومات فراہم کریں جو یوکرین کی ایک کمپنی کے ساتھ کام بھی کر چکے ہیں۔ ان الزامات کی بنیاد پر سال 2019 میں امریکی ایوان نمائندگان نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا۔
جبکہ سال 2016 کی صدارتی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے روس سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ صدارتی امیدوار ہیلری کلنٹن کے خلاف لاپتہ ای میلز فراہم کریں۔
جولائی 2016 میں پریس کانفرنس کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’امید ہے کہ آپ 30 ہزار لاپتہ ای میلز تلاش کر لیں گے، اس کے بدلے میں ہمارے میڈیا کی طرف سے آپ کو بھاری انعام ملے گا۔‘
ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر سے یہ مطالبہ ایسے وقت پر کیا ہے جب تقریباً ایک ماہ قبل ولادیمیر پوتن نے یوکرین پر حملہ کیا تھا جس کی بھاری قیمت وہاں کے شہری ادا کر رہے ہیں۔

شیئر: