Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اعلان کے چند گھنٹے بعد، وزیراعظم کے خطاب کا فیصلہ واپس

وزیراعظم عمران خان کے قریبی ساتھی سمجھے جانے والے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آج قوم سے خطاب مؤخر کردیا ہے۔
اپنی ایک ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم عمران خان کا آج قوم سے خطاب موخر ہو گیا ہے۔‘
واضح رہے اس سے قبل وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ دیں۔
بدھ کو کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آخری گیند تک لڑیں گے اور آج وہ قوم سے خطاب بھی کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اجلاس میں خط کے بارے میں سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے۔ کابینہ نے وزیراعظم اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ یہ ڈان لیکس اور میمو گیٹ والی پوزیشن ہے۔‘
دوسری جانب اسلام آباد میں الیکٹرانک پاسپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بیرونی طاقتوں کی جانب سے سازش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’لوگ سمجھتے ہیں کہ کوئی ڈرامہ ہو رہا ہے، ڈرامہ نہیں ہو رہا۔ ہم صرف اپنے ملک کے مفاد کا دفاع کرنا چاہتے ہیں اس لیے ہم لوگوں کو پوری طرح نہیں بتا سکتے کہ وہ کون سے ممالک اور کون لوگ تھے جنہوں نے ہمیں یہ دھمکی دی ہے۔‘
عمران خان نے مزید کہا کہ خط سے متعلق ’شک کیا جا رہا ہے کہ شاید عمران خان اپنی حکومت بچانے کے لیے اس طرح کر رہا ہے، اس لیے میں نے آج یہ فیصلہ کیا کہ پاکستان کے سینیئر صحافیوں کے ساتھ شیئر کروں گا۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’جو لوگ انجانے میں سازش کا حصہ ہیں، انہیں نہیں معلوم کہ وہ کتنی بڑی سازش کا حصہ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ دستاویز صحافیوں کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف یہ سازش تب سے ہو رہی جب قومی مفاد کے خلاف ایک فون پر حکمرانوں کو کنٹرول کر لیا جاتا تھا۔
وزیراعظم نے عالمی طاقتوں کے حوالے سے کہا کہ انہیں یہ برداشت نہیں کہ پاکستان میں ایسی لیڈرشپ ہو جو اپنے ملک کے مفاد میں فیصلے کرے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں پاکستان کو صرف نقصان ہی نقصان ہوا تھا، اس دوران 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی اور زکوٰۃ دینے والے زکوٰۃ لینے والے بن گئے۔
’ہم نے کسی اور کو فائدہ پہنچانے کے لیے ملک کے مفاد کو قربان کیا۔‘
وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے پیش ہونے والی تحریک عدم پر کہا کہ ’پارلیمانی جمہوریت میں بحران آتے رہتے ہیں، عدم اعتماد ایک جائز جمہوری طریقہ ہے۔‘
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بدھ ہی کو اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ’عمران خان آخری بال تک لڑنے والے کھلاڑی ہیں استعفیٰ نہیں ملے گا میدان لگے گا۔‘
 

شیئر: