Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لوڈشیڈنگ: ’جہاز پرانے پاکستان میں داخل ہوچکا‘

گزشتہ چند دنوں سے ملک کے مختلف حصوں میں لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں سوشل میڈیا پر متعدد شہروں سے لوگ شکایت کر رہے ہیں کہ کافی وقت بعد ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کی واپسی ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین خصوصاً ٹوئٹر پر پچھلے کچھ دنوں سے جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ملک کے سیاسی حالات سے جوڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد قومی اسمبلی میں جمع کرا رکھی ہے جس پر ووٹنگ اگلے چند دنوں میں متوقع ہے۔
وزیراعظم عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے کے لیے حزب اختلاف کی جماعتوں کو پارلیمان میں کم سے کم 172 اراکین کی حمایت کی ضرورت ہے اور گذشتہ روز حکومتی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی اپوزیشن کی حمایت کے اعلان کے بعد انہیں 177 اراکین کی سپورٹ حاصل ہو گئی ہے۔
لوڈشیڈنگ اور ملک کی سیاسی صورتحال کو جوڑتے ہوئے نزہت نامی صارف نے لکھا کہ ’پرانے پاکستان میں واپسی کے ساتھ لوڈشیڈنگ بھی واپس آگئی ہے۔‘
انہوں نے طنزیہ انداز میں مزید لکھا کہ ’اب مزہ آئے گا۔‘

فواد علی نامی صارف نے لکھا ’لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی، لگتا ہے جہاز پرانے پاکستان میں داخل ہوچکا ہے۔‘

شیر بدخشانی نامی صارف نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’لاہور میں ہر گھنٹے بعد لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ امید ہے پاکستان سری لنکا کی طرح ڈیفالٹ نہیں کر گیا ہے اور حکومت کے پاس بجلی مہیا کرنے کے لیے پیسے ہیں۔‘

چمن نواز نامی صارف بھی سوال کرتے ہوئے نظر آئے کہ ’لوڈشیڈنگ کے پیچھے اصلی وجہ کیا ہے؟ ہمارے ہاں 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی گئی، ایک گھنٹے بجلی آتی اور اگلے گھنٹے چلی جاتی اور یہ سلسلہ دن اور رات جاری رہا۔‘

ان شکایات کا جواب دیتے ہوئے پاکستان کی وزات توانائی کا ایک ٹویٹ میں کہنا تھا کہ ’تین نیوکلیئر پلانٹس ٹرپ کر جانے کی وجہ سے کچھ علاقوں کو آج عارضی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا۔‘

وزارت توانائی کا مزید کہنا تھا کہ پلانٹس جلد ہی کچھ گھنٹوں میں دوبارہ کام کرنے لگیں گے۔

شیئر: