Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمن ورلڈ کپ: فائنل میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی

انگلینڈ کی جانب سے سے ڈینی ویاٹ نے 129 رنز بنائے (فوٹو: گیٹی امیجز)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ویمن ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کی ٹیم جنوبی افریقہ کو 137 رنز سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی ہے، جہاں اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہو گا۔
جمعرات کو نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
میچ کے آغاز میں ہی انگلینڈ کی جانب سے اچھی بیٹنگ دیکھنے کو ملی۔
انگلینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 293 رنز بنائے اور جنوبی افریقہ کے سامنے ایک بڑا ہدف رکھا، جس کو پورا کرنے کی کوشش میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 156 کے سکور پر آؤٹ ہو گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے ڈینی ویاٹ 129 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ صوفیہ ڈنکلے نے 60 رنز بنائے۔
جبکہ جنوبی افریقہ کی کھلاڑی شبنم اسماعیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
جنوبی افریقہ کی بیٹنگ کے دوران کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکیں، یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں اور 38 ویں اوور میں ہی پوری ٹیم 156 پر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی ٹیم پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ اس نے منگل کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں حریف ویسٹ انڈیز کو 157 رنز سے شکست دی۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 305 پانچ رنز بنائے تھے جبکہ اس کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 148 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی فتح کے بعد آئی سی سی کی جانب سے ٹویٹ میں بتایا گیا تھا کہ ’آسٹریلیا ویمن ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کے بعد ساتویں بار ٹائٹل جینے کے قریب پہنچ گیا ہے۔‘

منگل کو آسٹریلیا کی ٹیم ویسٹ انڈیز کو ہرا کر فائنل میں پہنچی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کی خواتین ٹیم نے بھی ایونٹ میں حصہ لیا تاہم 26 مارچ کو نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 71 رنز سے شکست دے دی تھی اور وہ ایونٹ سے باہر ہو گئی تھی۔
نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں 266 رنز کے تعاقب میں پاکستانی وومن کرکٹ ٹیم 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 194 رنز بنا سکی تھی۔
فائنل میچ اتوار تین اپریل کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ہو گا۔

شیئر: