Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات غداروں کے لیے پیشگی وارننگ ہیں: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے بیرونی آقاؤں کے حضور بِکنے والے غداروں کو پوری شدت سے مسترد کیا ہے۔
‏وزیراعظم عمران خان نے جمعے کو اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’پختونخوا بلدیاتی انتخابات کےدوسرے مرحلے میں فقیدالمثال کامیابی پر وزیراعلیٰ محمود خان اور اپنی پی ٹی آئی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔‘
وزیراعظم نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’خیبرپختونخوا کےعوام نے بیرونی آقاؤں کےحضور بِکنے والے غداروں کو پوری شدت سے مسترد کیا ہے۔‘
’یہ تمام غداروں کیلئے ایک پیشگی تنبیہہ ہے کہ ان کےحلقوں میں ان کےساتھ ہونے کیا والا ہے۔‘

پاکستان تحریک انصاف کا واضح برتری کا دعویٰ

آج خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ ہو رہی ہے اور مختلف ذرائع سے غیرحتمی اور غیر سرکاری نتائج جاری کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کی جانب سے 32 نشستوں پر برتری کا دعویٰ کیا گیا ہے جبکہ دوسری جماعتوں کا کہنا ہے کہ ابھی تک صورت حال واضح نہیں ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور خان جھگڑا نے نتائج کا چارٹ شیئر کرتے ہوئے ٹویٹ میں لکھا ’ 27 مارچ کو سندھ سے اسلام آباد تک وزیراعظم کے حق میں نکلنے والے انسانوں کے سمندر نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی اسی جذبے کا اظہار کیا ہے۔‘

   تیمور خان جھگڑا نے اسی بیان میں میڈیا کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا اور لکھا ’اور ہاں مین سٹریم میڈیا کے بہت سے گروپس سے امید مت رکھیں کہ اس کو مطلوبہ کوریج دی جائے گی، کیونکہ یہ خیبرپختونخوا ہے۔‘

شیئر: