Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منحرف اراکین کا جواب مسترد، وزیراعظم کی ہدایت پر کارروائی کا فیصلہ

ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ ’ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنے منحرف اراکین قومی اسمبلی کی وضاحت مسترد کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
جمعے کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ’ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب‘ اراکین قومی اسمبلی کی جانب سے موصول ہونے والے جوابات ناکافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیے ہیں۔
’وزیراعظم عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنسز دائر کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔‘
بیان کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل تحریک انصاف عامر محمود کیانی کی ملاقات بھی ہوئی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے مطابق ’وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز تیار ہیں۔‘
’ریفرنس دستور کے آرٹیکل 63-اے (ون) کے تحت سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جا رہے ہیں۔ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث اراکین کے خلاف دستاویزی ثبوت بھی ریفرنسز کے ساتھ بھجوائے جائیں گے۔‘
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ ’وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف کی ہدایات کی روشنی میں ریفرنسز تیار کر لیے ہیں۔‘
’منحرف اراکین کے خلاف قانون کے تحت ریفرنسز جلد سپیکر قومی اسمبلی کو بھجوائے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ’بےضمیر‘ اراکین کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایات دی ہیں۔
’ہارس ٹریڈنگ کے مرتکب اراکین نے پارلیمانی پارٹی کے سربراہ کی ہدایات سے کھلا انحراف کیا ہے۔‘

شیئر: