Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان کی مزدوری کے دوران کٹ جانے والی کلائی دوبارہ جوڑ دی گئی

محمد زمان مسلم باغ میں کرومائیٹ کی کان میں مزدوری کر رہے تھے جب ایک بڑا پتھر ان کے دائیں ہاتھ پر آ گرا۔ (فائل فوٹو: وکی پیڈیا)
کوئٹہ میں پہلی بار ایک کامیاب آپریشن کے ذریعے ایک نوجوان کی مزدوری کے دوران کٹ جانے والی کلائی کو کئی گھنٹوں بعد دوبارہ جوڑ دیا گیا۔
محمد زمان مسلم باغ میں کرومائیٹ کی کان میں مزدوری کر رہے تھے جب ایک بڑا پتھر ان کے دائیں ہاتھ پر آ گرا، جس سے ان کی کلائی کٹ گئی۔
ان کے ساتھیوں نے کلائی پر پٹی باندھ کر انہیں 120 کلومیٹر دور کوئٹہ کے زرغون روڈ پر واقع ایک نجی ہسپتال پہنچایا۔
سٹی انٹرنیشنل ہسپتال کے جنرل اینڈ واسکولر سرجن خان محمد بابر نے اردو نیوز کو بتایا کہ کلائی کو کٹے ہوئے چار گھنٹے گزر چکے تھے اور اتنے طویل وقفے تک انسانی اعضا کے پٹھوں اور شریانوں میں خون کی گردش رک جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی کلائی بازو کی جلد سے لٹک رہی تھی اور ایسے کیسز میں خون کی شریانیں بحال ہونے اور گوشت کے پٹھے ٹھیک ہونے کا امکان 10 سے 15 فیصد ہوتا ہے۔
’تاہم نوجوان کے ورثا کی ایما پر سرجنز کی ٹیم نے رسک لینے پر آمادگی ظاہر کی اور ہنگامی طور پر آپریشن کیا۔‘
خان محمد بابر کا کہنا تھا کہ ان سمیت چار ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم کٹی ہوئی کلائی کو آپریشن کے ذریعے پیوند کر کے پھر سے جوڑنے میں کامیاب ہوئی۔
چار گھنٹے طویل آپریشن کی کامیابی کے بعد مریض کے ورثا کے جذبات قابل دید تھے۔
سرجن خان محمد بابر کے مطابق مریض کی حالت تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور وہ ہاتھ کی انگلیوں کو نارمل طریقے سے ہلا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بلوچستان کی تاریخ میں پیوند کاری میں اپنی نوعیت کا شاید پہلا کامیاب آپریشن ہے، جس کی بدولت ایک غریب نوجوان معذور ہونے سے بچ گیا۔

شیئر: