Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیوں نہ ٹوئٹر ہیڈکوارٹرز کو پناہ گاہ بنا دیں‘، ایلون مسک کا دلچسپ پول

ایلون مسک 2024 میں ٹوئٹر کے شیئر ہولڈرز کی سالانہ میٹنگ تک بورڈ میں شامل رہیں گے (فوٹو: روئٹرز)
آپ چاہیں ایلون مسک کو پسند کرتے ہوں یا نہیں لیکن ٹوئٹر پر ان کی پوسٹس کی تعریف تو کرنا بنتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مسک کی ٹویٹس اتنی دلچسپ اور پُرمزاح ہوتی ہیں کہ بعض اوقات تو وہ خود پر جملے کسنے سے نہیں ہچکچاتے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اتوار کو ایلون مسک جنہیں حال ہی میں ٹوئٹر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا گیا ہے، نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر 81 ملین سے زیادہ فالوؤرز کا پول شروع کیا۔
انہوں نے اپنے فالوؤرز سے پوچھا کہ کیا ٹوئٹر کے سان فرانسسکو ہیڈ کوارٹرز کو پناہ گاہ میں تبدیل کیا جانا چاہیے کیونکہ ’کوئی بھی (وہاں کام کرنے) نہیں آتا۔‘
اس پول نے تین گھنٹوں کے اندر 63 لاکھ سے زیادہ ووٹ حاصل کیے جبکہ 91 فیصد سے زیادہ صارفین نے ’ہاں‘ میں جواب دیا۔
ایلون مسک 2024 میں ٹوئٹر کے شیئر ہولڈرز کی سالانہ میٹنگ تک بورڈ میں شامل رہیں گے۔
ایلون نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس دوران ٹوئٹر کے 14.9 فیصد سے زیادہ شیئرز نہیں خریدیں گے۔
چند روز قبل ایلون مسک اس پلیٹ فارم کے سب سے بڑے شیئرہولڈر بن گئے تھے۔
ایلون مسک نے ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن سروس میں متعدد ترمیم کی تجاویز پیش کیں جن میں قیمت میں کمی، اشتہارات پر پابندی اور صارفین کو کرپٹوکرنسی میں ادائیگی کرنے کی اجازت دینا شامل ہیں۔
انہوں نے تجویز دی کہ ٹوئٹر بلیو سبسکرائبرز کو ایک تصدیق کا نشان ملنا چاہیے جو عوامی شخصیات اور سرکاری اکاؤنٹس کی تصدیق سے الگ ہوگا۔
انہوں نے ایک صارف جنہوں نے ارجنٹائن کے لیے سبسکرپشن کی سستی قیمت تجویز کی، سے یہ کہتے ہوئے اتفاق کیا کہ قیمت کو استعمال اور مقامی کرنسی میں متناسب ہونی چاہیے۔
مسک ہمیشہ سے کرپٹوکرنسی کےحامی رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر اکثر اس کی حمایت میں ٹویٹس کرتے رہے ہیں تاہم انہوں نے جس ٹوکن کو سب سے زیادہ پروموٹ کیا وہ ڈوج کوائن ہے۔
ایلون مسک نے ایک بار پھر کرپٹوکرنسی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ٹویٹ کی کہ ٹوئٹر بلیو صارفین کے پاس ڈوج میں ادائیگی کرنے کا آپشن بھی ہوسکتا ہے۔

شیئر: