Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کچھ شرم کرلو،شاہد آفریدی سپرسٹار ہے‘، سابق کرکٹر پر تنقید

آفریدی سے ناراضی کا اظہار کرنے والے صارفین کی بڑی تعداد پی ٹی آئی کی حامی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے شہباز شریف کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں امید ہے کہ وہ ملک کو معاشی اور سیاسی بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔
پیر کی رات اپنی ایک ٹویٹ میں سابق سٹار کرکٹر نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان کا نام لیے بغیر لکھا کہ ’جب وقت رخصت آجائے تو چاہے حق پر ہوں یا غمزدی، رخصت باوقار طریقے سے قبول کرنی چاہیے۔‘
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ ’الزامات سازشیں حتیٰ کہ شکست بھی اقتدار کے کھیل کا حصہ ہے۔ تاریخ کے صفحات می بالآخر بات اخلاقی معیار، جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر آتی ہے۔‘
لیکن شاہد آفریدی کی ٹویٹس پی ٹی آئی کے حامی صارفین کو پسند نہ آئیں۔
زروا رفاقت نامی صارف نے سابق کرکٹر کی ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اچھا ہوا ان (شاہد آفریدی) کی پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی بات صرف افواہیں تھیں۔ دو عامر لیاقتوں کو ایک ساتھ ہینڈل نہیں کیا جاسکتا تھا۔‘
عذرا نامی صارف نے شاہد آفریدی کے کرکٹ کیریئر کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ پچھلے 11 سال میں پانچ مرتبہ ریٹائر ہوئے اور اب کہہ رہے ہیں جب رخصت کا وقت آئے باوقار طریقے سے قبول کرو۔‘
ارشد ملک نامی صارف نے شاہد آفریدی کی ٹویٹ کو ’کرکٹ ہیرو‘ کا توجہ حاصل کرنے کا ’شرمناک‘ طریقہ قرار دیا۔
تاہم ٹوئٹر پر صارفین کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جو شاہد آفریدی کا دفاع کرتی ہوئی نظر آرہی ہے اور پی ٹی آئی کے حامیوں کی تنقید کا جواب بھی انہی کی طرف سے آرہا ہے۔
حماد ولید نامی صارف کہتے ہیں کہ ’شاہد آفریدی کو صرف ایک مبارکباد کا پیغام دینے پر اتنی نفرت کا سامنا پڑرہا ہے اور یہ افسوس ناک ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’سیاست میں سوشل میڈیا کے ذریعے گھولی گئی نفرت انگیزی کو ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔‘
قادر خواجہ نے بھی شاہد آفریدی کو دلاسہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہمارے قومی ہیرو ہیں۔ یہ قوم بدتہذیبی اور بدتمیزی کی طرف جارہی ہے، یہ نیا پاکستان نہیں ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’کچھ شرم کرلو شاہد آفریدی سپرسٹار ہے نوجوانو۔‘
زاہد نامی صارف نے لکھا کہ ’شاہد آفریدی نے ایک ناراض سابق وزیراعظم سے زیادہ وقار دکھایا ہے۔‘
واضح رہے گذشتہ روز شہباز شریف نے پاکستان کے 23 ویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔ پی ٹی آئی نے اس حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے اور پاکستان بھر میں احتجاجی جلسوں کی کال دے رکھی ہے۔

شیئر: