Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ شہباز آج رات وزیراعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے: مسلم لیگ ن

مسلم لیگ ن کے رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ گورنرہاؤس کو حمزہ شہباز کی بطور وزیرِاعلیٰ پنجاب کامیابی کا نوٹیفکیشن موصول ہو گیا ہے، وہ آج رات عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ 
اتوار کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ’ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ گورنر پنجاب  بھی صدر مملکت کی طرح حلف نہیں لینا چاہتے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ آئینی ذمے داری ہے اگر وہ خود حلف نہیں لے سکتے تو کسی کو نامزد کر دیں۔‘
دوسری جانب گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ ’حمزہ شہباز سے حلف لینے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا۔
اتوار کو مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ’حمزہ شہباز سے حلف لینے کا فیصلہ آئینی ماہرین کی مشاورت سے کروں گا۔‘
مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، ایسا پاکستان کی تاریخ میں دوسری بار ہوا ہے۔
انہوں نے ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اپوزیشن کو مار کر آپ کا چہرہ متکبرانہ تھا، آپ نے تھمبز اپ کیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہم پرویز الٰہی کے لیے چیف منسٹری پلیٹ میں رکھ کر لائے تھے، کل جن ہاتھوں سے آپ نے بد دعائیں دی ہیں انہی ہاتھوں سے دعا کرائی تھی۔‘

عطااللہ تارڑ نے چوہدری پرویز الٰہی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’اپوزیشن کو مار کر آپ کا چہرہ متکبرانہ تھا‘ (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس موقع پر لیگی رہنما رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والا واقعہ جمہوریت پر بدنما داغ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’ہم نے پوری فوٹیج نکال لی ہے جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔‘
لیگی رہنما کے بقول پی ٹی آئی نے قوم کو بدتمیزی سکھائی ہے۔ ’کل پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کا اصل چہرہ قوم نے دیکھ لیا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم سے بلوچستان کی حکومت لی گئی، سینیٹ کا الیکشن لیا گیا لیکن ہم نے ان الیکشن کے نتائج کو تسلیم کیا۔‘
رانا مشہود نے کہا کہ ’اسمبلی کے فلور کا تقدس کبھی اس طرح پامال نہیں ہوا کہ غنڈوں کی مدد سے قبضہ کرنے کی کوشش کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پرویز الٰہی نے مجھ پر تشدد کا الزام لگایا ہے جو بے بنیاد ہے۔ یہ لوگ ہر صورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں، انہیں پاکستان سے محبت نہیں ہے۔‘

شیئر: