Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تل ابیب سے شرم الشیخ، براہ راست فضائی سروس کا آغاز  

اسرائیل کے ساحلی شہر تل ابیب سے مصر  میں بحیرہ احمر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ کے لیے  پہلی براہ راست فضائی سروس کا آغاز  اتوار کو ہو گیا ہے۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ال آل نے بتایا  ہے کہ یہ فلائٹ۔ 5193 تل ابیب کے بن گورین ائیرپورٹ سے آج صبح سات بجکر 15 منٹ GMT پر روانہ ہوئی۔
قبل ازیں اسرائیلی ساحلی شہر تل ابیب سےقاہرہ کے درمیان طویل عرصے سے براہ راست پروازیں چل رہی ہیں۔ واضح رہے کہ  مصر 1979 میں اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرنے والا پہلا عرب ملک ہے اور دونوں ممالک نے حال ہی میں اپنے تعلقات کو مزید  مضبوط کیا ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے جون میں اقتدار میں آنے کے بعد دو مرتبہ مصر کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے ستمبر میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔
اکتوبر کے شروع  میں مصر کے قومی کیریئر مصر ایئر کے لوگو کے ساتھ ایک طیارہ پہلی بار اسرائیل میں اترا تھا۔ اس فضائی سروس کو اسرائیل ایئرپورٹ اتھارٹی نے 'تاریخی' قرار دیا تھا۔

مصر اسرائیل سے امن معاہدے پر دستخط کرنے والا پہلا عرب ملک ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

اس سے قبل اسرائیل کے لیے مصری پروازیں  پرائیویٹ فضائی سروس ایئر سینائی کے ذریعے چلائی جاتی تھیں جو خصوصی طور پر اسرائیل کے روٹ کے لیے  ہوتی تھی۔ان تمام فلائٹس پرمصر کا قومی  پرچم  آویزاں  نہیں ہوتا تھا۔
واضح رہے کہ مصر میں کچھ لوگ یہودی ریاست اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی مخالفت کرتے رہتے ہیں۔
2020 تک مصر اور اردن فقط دو عرب حکومتیں تھیں جو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر رکھتی تھیں۔
بعدازاں  ان میں بحرین، مراکش اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہوگئے جو اب اسرائیل کے لیے براہ راست فضائی سروس بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
 

شیئر: