Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میرے کام کی رفتار سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہو رہی ہے‘

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کے کام کرنے کی رفتار سے عمران خان کو تو گھبراہٹ ہو رہی ہے لیکن عوام کی گھبراہٹ ختم ہو گئی ہے۔
پیر کو اسلام آباد میں میٹرو بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ وہ اسی رفتار سے کام کریں گے جس کی انہیں عادت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’میٹروبس کا یہ تحفہ 2017 میں نواز شریف نے دیا تھا جو 2018 میں مکمل ہونا تھا لیکن چار سال تعطل کا شکار رہا۔‘
 ’منصوبے کی تاخیر کی کوئی وجہ نہیں تھی اور نہ ہی فنڈز کی کمی تھی لیکن پچھلی حکومت میں عوام کی خدمت کا جذبہ نہیں تھا۔‘
شہباز شریف نے کہا کہ ’سابق حکومت کے وزرا کے پاس بلٹ پروف گاڑیاں تھیں اور وزیراعظم ہیلی کاپٹر میں آتے جاتے تھے تو انہیں قوم کی کیا ہی فکر ہوگی۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’وہ ہوش و حواس قائم رکھتے ہوئے کبھی بھی قوم سے غلط بیانی نہیں کریں گے اور نہ ہی غلط اعداد و شمار دیں گے۔‘
اس موقعے پر وزیراعظم نے چین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’صدر شی جن پنگ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سی پیک کا تحفہ دیا جو گیم چینجر ثابت ہوگا۔‘
’چین ایک بہترین دوست ہے جو پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ ساتھ کھڑا رہا اور پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد کی۔‘
وزیراعظم نے کہا کہ ’تحریک انصاف کے وکیلوں نے اورنج منصوبے پر کرپشن کے الزامات لگائے لیکن ہائی کورٹ کے ججز کرپشن کا ایک دھیلہ بھی نہیں نکال سکے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ملک کے اخراجات آمدنی سے زیادہ ہیں اور پی ٹی آئی دور میں دفاعی اخراجات قرض لے کر پورے کیے گئے۔‘

شیئر: