Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ و دیگرشہروں میں بارش ، موسم خوشگوار ہوگیا

جدہ میں جمعرات کی صبح کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش ہوئی(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کے  متعدد علاقوں میں جمعرات کو کہیں موسلا دھار اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہوئی۔ عسیر، باحہ، مکہ مکرمہ اور اس کے  مشرقی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش  ہوتی رہی۔ جدہ شہر میں بھی جمعرات کوکہیں بوندا باندی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش ہوئی۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق اس سے قبل موسمیات کے قومی مرکز نے  ٹوئٹر پر اطلاع دی تھی کہ ریاض، قصیم اور مشرقی ریجن میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ 
بارش کا سلسلہ دوپہر ایک بجے سے شروع ہوا تھا اور رات 8 بجے تک  جاری رہا۔  
جدہ شہر میں بھی جمعرات کو صبح سویرے  بوندا باندی ہوئی۔ جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ 
ریاض ریجن کی  الزلفی، الغاط، المجمعہ، ثادق، حریملا،  رماح، شقرا  میں صبح نو بجے سے شام 5 بجے تک  گرد آلود ہوائیں چلنے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق روڈ سیکیورٹی فورس نے مکہ مکرمہ ریجن کی شاہراہوں کے مسافروں کو تاکید کی ہے کہ وہ احتیاط سے گاڑی چلائیں۔ اضم، السیل الکبیر، الشفا، طائف، الھدا اور تربہ میں بوندا باندی سے راستوں میں پھسلن ہوگئی ہے۔ 
روڈ سیکیورٹی فورس نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر توجہ دلائی کہ پورے علاقے میں کہیں بوندا باندی ہورہی ہے اور کہیں درمیانے درجے کی بارش ہورہی ہے۔ علاوہ ازیں تیز گرد آلود ہواؤں کی وجہ سے حد نظر محدود ہے لہذا ڈرائیونگ کے دوران سب لوگ احتیاط برتیں۔ 

شیئر: