Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں نومولود کے لیے ’شناختی کارڈ‘ کے نئے قوانین جاری

بچے کی ولادت کے 120 دن کے اندر شناختی کارڈ جاری کرنا لازمی ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات کے وفاقی ادارے برائے شہریت و شناخت نے کہا ہے کہ نومولود  کا پہلا شناختی کارڈ اس کی پیدائش کے 120 روز کے اندر جاری کرانا ہوگا۔ یہ پابندی مقامی شہریوں کے لیے بھی ہے اور امارات میں مقیم غیرملکیوں پر بھی عائد ہوگی۔ 
الامارات الیوم کے مطابق اماراتی ادارے نے کہا ہے کہ نومولود کے شناختی کارڈ کی میعاد اتنی ہی ہوگی جتنا کہ اس کے والد کے اقامے کی ہوگی۔ بچے کا کارڈ باپ کے اقامے سے منسلک ہوگا۔ 
اماراتی ادارے نے کہا ہے کہ نومولود کے پہلے قومی شناختی کارڈ کی کارروائی سمارٹ ایپ اور آن لائن کرائی جاسکے گی۔
اس کے لیے پاسپورٹ کی فوٹو کاپی اور فیس کی آن لائن رسید ارسال کرنا ہوگی۔
نجی فوٹو، برتھ سرٹیفکیٹ، کفیل کے پاسپورٹ اور اقامے کی فوٹو کاپی بھی منسلک کرنا ہوگی۔ 
اماراتی حکام نے کہا ہے کہ غیرملکی کے نومولود  کے کارڈ کے اجرا کے لیے ضروری ہوگا کہ باپ  کا  اقامہ مؤثر ہو۔ اگر اس پر کوئی جرمانہ ہو تو اس کی ادائیگی کے بعد ہی کارروائی ہوسکے گی۔ کارڈ کے اجرا کی کارروائی شروع کرنے سے قبل نومولود کا پاسپورٹ جاری کرانا ہوگا۔ 
اماراتی حکام نے  کہا ہے کہ اقامے کے اجرا کی تاریخ میں 30 دن سے زیادہ شناختی کارڈ کے حصول کی درخواست  میں تاخیر پریومیہ 20 درہم جرمانہ ہوگا۔ جرمانے کی انتہائی حد ایک ہزار درہم ہوگی۔ تاخیر کی فیس سے مستثنی افراد جرمانے  سے استثنی کی درخواست کرسکتے ہیں۔ 

شیئر: