Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نومنتخب وزیراعلٰی پنجاب حمزہ شہباز کی حلف برداری پھر تاخیر کا شکار

حمزہ شہباز 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں بدترین ہنگامہ آرائی کے بعد وزیر اعلٰی منتخب ہوئے تھے (فائل فوٹو: پنجاب اسمبلی)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے نو منتخب وزیر اعلٰی حمزہ شہباز کی حلف برداری گورنر ہاؤس میں ایک مرتبہ پھر تاخیر کا شکار ہوگئی ہے۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کا عملہ تاحال گورنر ہاؤس میں موجود ہے۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔ 
جمعے کو لاہور ہائی کورٹ میں انہوں نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی وساطت سے یہ بیان جمع کروایا تھا کہ وہ حمزہ شہباز کا حلف لینے سے قاصر ہیں۔ 
اس پر عدالت نے صدر مملکت کو حلف کے لیے نیا نمائندہ مقرر کرنے کے لیے کہا تھا۔
اس عدالتی حکم کے بعد عمر سرفراز چیمہ نے ایک ٹویٹ کے ذریعے اس حکم پر بغیر نام لیے تنقید کی اور کہا کہ ’وہ اپنا آئینی فرض پورا کررہے ہیں۔‘
عدالت میں ہونے والی سماعت کے بعد صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حمزہ شہباز سے حلف لینے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو نامزد کیا ہے۔ 
اس حوالے سے صادق سنجرانی نے ایوان صدر میں صدر عارف علوی سے ملاقات بھی کی ہے۔
خیال رہے کہ گورنر ہاؤس میں حلف برادری کے انتظامات اسی روز سے کر لیے گئے تھے جب صوبائی اسمبلی نے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب کیا تھا۔
حمزہ شہباز 16 اپریل کو پنجاب اسمبلی میں بدترین ہنگامہ آرائی کے بعد 197 ووٹ لے کر وزیر اعلٰی منتخب ہوئے تھے، تاہم اگلے روز گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے اُن سے حلف لینے سے انکار کردیا تھا۔

شیئر: