’2022 سعودی قہوے کا سال‘ تعارفی مہم جاری
27 اپریل کو جدہ کے عرب مول میں سعودی قہوے کا خصوصی کارنر لگے گا(فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی وزارت ثقافت کے تحت مملکت کے تین شہروں میں ’2022 سعودی قہوے کا سال‘ انشیٹو کی تعارفی مہم جاری ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق تعارفی مہم کے دوران صارفین کو بتایا جارہا ہے کہ سعودی قہوے کی کتنی قسمیں ہیں اور مملکت کے کن کن علاقوں میں کس قسم کا سعودی قہوہ پایا جاتا ہے۔
سعودی معاشرے میں اس کے رسم و رواج کیا ہیں۔ مقامی شہری اپنے مہمانوں کی میزبانی سعودی قہوے سے کس طرح کرتے ہیں۔
تعارفی مہم کا آغاز ریاض شہر میں پارک کمرشل سینٹر سے کیا گیا۔ اس کے بعد مشرقی ریجن کے الظہران مول میں مہم چلائی گئی۔ 27 اپریل کو جدہ شہر کے عرب مول میں سعودی قہوے کا خصوصی کارنر لگے گا۔ یہاں پانچ قسم کے سعودی قہووں اور اعلی درجے کی کھجور سے ضیافت کی جائےگی۔
2022 کوسعودی قہوے کا سال قرار دیے جانے کے حوالے سے مملکت کے ثقافتی ورثے کا تعارف ہورہا ہے۔ مہم کے دوران بتایا جارہا ہے کہ سعودی قہوے کی تاریخ پرانی ہے۔ اس کی اپنی ایک تہذیب ہے۔ قہوے سے متعلق فن اور فن کاروں کی کاوشوں کو بھی متعارف کرایا جارہا ہے۔