Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں درخت گاڑی پر آگرا، نقصان کا ذمہ دار شہری کو ٹھہرا دیا گیا

محکمہ ٹریفک نے حادثے کا جائزہ لینے کے  لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے( فوٹو عکاظ)
سعودی دارالحکومت ریاض میں نجم کے اہلکار نے گردوغبار کے طوفان کے دوران کھجور کا درخت گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچنےکا سو فیصد ذمہ دار متاثرہ شہری کو قراردیا ہے۔ 
 متاثرہ شہری نے ٹوئٹر پر واقعہ بیان کیا تو سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی جس پر محکمہ ٹریفک ریاض نے مداخلت کی۔
عکاظ اخبار کے مطابق مقامی شہری سعود السعید ایک سڑک سے گزر رہا تھا کہ اچانک گرد وغبار کا طوفان شروع ہوگیا۔ دو رویہ سڑک کے درمیان لگا کھجور کا درخت اکھڑ کر گر گیا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔  
سعود السعید نے بتایا کہ ’گاڑی انشورڈ تھی نقصان کی تلافی کے لیے ’نجم‘ سے رابطہ کیا تاہم نجم کے اہلکار نے نقصان کا سو فیصد ذمے دار مجھے ٹھہرا دیا‘۔

نجم کے اہلکار پر کوئی غصہ نہیں کیونکہ وہ نا تجربہ کار تھا( فوٹو عکاظ)

سعودی شہری نے ٹوئٹر پر واقعہ بیان کیا اور یہ سوال اٹھایا کہ ’نجم‘ سے یہ جاننا چاہتا ہوں کہ آخر گردوغبار کے طوفان کے دوران درخت گرنے سے ہونے والے نقصان کا سو فیصد ذمہ دار مجھے کیوں ٹھہرایا گیا؟‘۔ 
 سعودی شہری کا ٹویٹ ریاض محکمہ ٹریفک کے ڈائریکٹر میجر جنرل ڈاکٹر سلمان الجمیعی نے دیکھا اور فوری طور پر رابطہ کرکے ہمدردی ظاہر کی۔
محکمہ ٹریفک نے حادثے کا جائزہ لینے کے  لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔ 
سعود السعید نے بتایا کہ ’خصوصی کمیٹی نے معائنے کے بعد نقصان کی ذمہ داری سے مجھے سو فیصد بری کیا ہے‘۔ 
 سعودی شہری کا کہنا ہے کہ ’میرے دل میں نجم کے اہلکار کے لیے کوئی غصہ نہیں کیونکہ وہ نا تجربہ کار تھا‘۔ 

شیئر: