Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں 29، 30 اپریل کو ہیٹ ویو میں شدت کا امکان ہے: محکمہ موسمیات

بدھ کو سب سے زیادہ 48 سینٹی گریڈ درجہ حرارت نوابشاہ میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہیٹ ویو شروع ہوچکی ہے اور اگلے دو دنوں میں سندھ کے اندرونی شہروں اور جنوبی پنجاب میں گرمی مزید شدت اختیار کرسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے اردو نیوز کو بتایا کہ بدھ کو سب سے زیادہ 48 سینٹی گریڈ درجہ حرارت صوبہ سندھ کے شہر نوابشاہ میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ہیٹ ویو کا اثر پاکستان کے دیگر شہروں بشمول اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور سرگودھا میں بھی پڑے گا۔
محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ 29 اور 30 اپریل کو گرمی میں مزید شدت آنے کا امکان ہے اور کراچی میں بھی درجہ حرات 39 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ وزارت ماحولیاتی تبدیلی نے تمام صوبوں کو ہیٹ ویو کا باضابطہ الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا سمیت جنوبی ایشیا کو اس سال شدید گرمی کی لہر کا سامنا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان اور انڈیا کی سرحدی علاقوں میں درجہ حرارت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
اس سال پاکستان میں درجہ حرارت میں معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس سال  مارچ 1961 سے اب تک کا گرم ترین مہینہ تھا۔ مارچ میں ہی بارشیں معمول سے 62 فیصد کم ریکارڈ کی گئی ہیں۔‘
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی درجہ حرارت معمول سے پانچ سے سات ڈگری سینٹی گریڈ اوپر جاسکتا ہے۔

شیئر: