Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون مملکت سے آنے والوں کا عمرہ سیزن 30 شوال کو ختم ہوگا: وزارت حج

اس سال حج کے لیے رجسٹریشن کا اعلان سرکاری چینلز کے ذریعے کیا جائے گا(فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے تصدیق کی ہے کہ’ بیرون ملک سے آنے والے زائرین کےلیےعمرہ سیزن کا اختتام 30 شوال تک ہوجائے گا‘۔
سبق نیوز کے مطابق وزارت حج وعمرہ نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ’ بیرون ملک سے آنے والے زائرین عمرہ خدمات کے لیے منظور شدہ الیکڑانک پلیٹ فارم کے ذریعے عمرہ ویزا کے اجرا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں‘۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ’اس سال حج کے لیے رجسٹریشن کی تاریخ اور طریقہ کار کا اعلان سرکاری چینلز کے ذریعے کیا جائے گا‘۔
یاد رہے کہ حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز ہونے پر بیرون مملکت سے عمرہ ویزوں کا اجرا روک دیاجائے گا۔
اس سے قبل ٹوئٹر پر ایک شخص کی جانب سے وزارت حج وعمرہ سے دریافت کیا گیا تھا کہ اس سال عمرہ زائرئن کو کب تک آنے کی اجازت ہے؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے وزارت حج وعمرہ کا کہنا تھا کہ ماہ رواں شوال کے اختتام یا 30 مئی تک بیرون مملکت سے عمرہ ویزے جاری کیے جائیں گے اس دوران بیرونی عمرہ زائرین مملکت آسکتے ہیں۔
’ وزارت کے ڈیجیٹل پورٹل پرعمرہ ویزے کے لیے درخواست اپ لوڈ کرائی جاسکتی ہے جس میں منظورشدہ عمرہ ٹور آپریٹرز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے‘۔
 گزشتہ دوبرس سے کورونا وائرس کے باعث بیرون ملک سے عمرہ و حج پرآنے کی پابندی عائد تھی جبکہ اس سال کورونا کی وبا پرقابو پالینے کے بعد بڑی تعداد میں مختلف ممالک سے عمرہ زائرین مملکت پہنچے ہیں۔

شیئر: