Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عمران کا خطاب پاکستان کے خلاف سازش ہے‘

ریاست پاکستان، آئین اور قومی اداروں کو چیلنج کیاگیا ہے) فوٹو ٹوئٹر پی ایم آفس)
وزیراعظم شہبازشریف نے ایبٹ آباد میں عمران خان کے خطاب کو پاکستان کے خلاف ’سازش‘ قرار دیتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ایبٹ آباد میں آج ریاست پاکستان، آئین اورقومی اداروں کو چیلنج کیا گیا ہے‘۔
اتوار کو وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان کے قومی اداروں کے خلاف سازشی بیانیہ گھڑنے والا اصل میں میر جعفر اور میر صادق ہے۔ پہلےعمران نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی، اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ’ایک شخص کی انا، تکبر، جھوٹ پر پاکستان قربان نہیں کرسکتے۔ پہلے عمران نیازی نے پاکستان کی معیشت ڈبونے کی سازش کی۔ اب خانہ جنگی کرانے کی کوشش کررہا ہے۔ ملک میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کچل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے 22 کروڑ عوام، آئین اور قومی ادارے ایک شخص کے غلام نہیں‘۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے ایبٹ آباد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’عدلیہ سے پوچھتا ہوں کہ آپ نے اتوار کی رات کو عدالت کھول کر سو موٹو ایکشن لیا۔ آپ کے سامنے جو ہو رہا ہے وہ کسی جمہوریت میں ہوتا ہے۔ ان پر چالیس ارب روپے کے کیسز ہیں شہباز شریف اور اس کے بیٹے پر۔ دودھ کی حفاظت پر بلی کو بٹھا دیں۔ یہ کبھی ہوتا ہے۔‘
انہوں پھر دہرایا تھاکہ ’ہمیں اللہ نے نیوٹرل رہنے کی اجازت نہیں دی۔ میں کہوں کہ میں نہ تیتر ہوں نہ بٹیر ہوں۔ میں پھر کہتا ہوں کہ نیوٹرل جانور ہوتا ہے۔ برائی کے خلاف اور اچھائی کے ساتھ کھڑے ہوں۔ انصاف کےلیے کھڑے ہوں۔‘
عمران خان نے لوگوں کو اسلام آباد لانگ مارچ کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’لانگ مارچ سے امریکہ کو پیغام دیں کہ ہم غلام نہیں آزاد قوم ہیں‘۔

شیئر: