Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں کاروں کی فروخت میں اضافہ

اپریل میں کاروں کی فروخت گزشتہ برس اسی ماہ کی نسبت زیادہ رہی (فائل فوٹو: روئٹرز)
پاکستان میں اپریل 2021 کے مقابلے میں اس سال اپریل 2022 میں کاروں کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان آٹو موبائل ایسوسی ایشن کے مطابق اپریل 2022 کے دوران ملک میں مقامی طور پر تیار کردہ کل 22 ہزار 370 کاریں فروخت ہوئیں، جبکہ اپریل 2021 میں یہ تعداد 17 ہزار 233 رہی تھی۔
اپریل 2022 کے دوران سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کار پاک سوزوکی کی آلٹو رہی جب کہ ٹویوٹا کی کرولا اور یارس 4 ہزار 117 جبکہ ہنڈا کی سٹی اور سوک مجموعی طور پر 2 ہزار 226 کی تعداد میں فروخت ہوئی۔
مقامی طور پر کاریں تیار کرنے والے اداروں میں سب سے زیادہ تعداد پاک سوزوکی موٹر کمپنی کی رہی، جس کے مختلف ماڈلز کے 12ہزار 639 یونٹس فروخت ہوئے۔ گزشتہ برس اپریل کے مہینے میں یہ تعداد 8 ہزار 606 تھی۔
ٹویوٹا کے 5 ہزار 775، ہنڈا کے 2 ہزار 629 اور ہنڈائی نشاط کے ایک ہزار 287 یونٹس فروخت ہوئے۔ اپریل 2021 میں ٹویوٹا کے 5 ہزار 355، ہنڈا کے 2 ہزار 287 اور ہنڈائی کے 896 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔
پاک سوزوکی کی گاڑیوں میں کلٹس ایک ہزار 745، ویگن آر ایک ہزار 823، سوئفٹ 2 ہزار 273، بولان 860 اور راوی کے 929 یونٹس اپریل کے مہینے میں فروخت ہوئے۔
ٹویوٹا کی فارچونر اور ہائی لکس کے ایک ہزار 658 یونٹس فروخت ہوئے جو گزشتہ برس ایک ہزار 31 تھی۔

اپریل 2022 میں سوزوکی آلٹو سب سے زیادہ فروخت ہوئی (فائل فوٹو: پاک سوزوکی)

ہنڈا کی ٹسان 553، ایلانٹرا 240، سناٹا 293 اور پورٹر 201 کی تعداد میں فروخت ہوئیں۔ اپریل 2021 میں یہ تعداد بالترتیب 503، 280، صفر اور 113 رہی تھی۔
اپریل 2022 میں چار بڑے آٹو اسمبلرز کے علاوہ دیگر کمپنیوں کے 40 یونٹس فروخت ہوئے جو اپریل 2021 میں 89 کی تعداد میں فروخت ہوئے تھے۔
پاکستان آٹو موبائل ایسوسی ایشن سے الگ کام کرنے والے کارساز اداروں کے یونٹس کی فروخت شامل کی جائے تو اپریل کے مہینے میں پاکستان میں کل 26 ہزار 300 کاریں فروخت ہوئیں جو گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت 17 فیصد کم ہے۔
اپریل کے مہینے میں پاکستانی ساختہ ٹریکٹروں کے 4 ہزار 848 یونٹس، بسوں اور ٹرکوں کے 451 جبکہ موٹرسائیکلوں اور تھری وہیلرز کے ایک لاکھ 50 ہزار 553 یونٹ فروخت ہوئے۔
گزشتہ برس اپریل میں مقامی ساختہ ٹریکٹروں کے 4 ہزار 544 یونٹ، موٹرسائیکلوں اور تھری وہیلرز کے ایک لاکھ 61 ہزار 419 اور بسوں و ٹرکوں کے 333 یونٹ فروخت ہوئے تھے۔

شیئر: