Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایمریٹس ایئرلائن کے سالانہ خسارے میں ’نمایاں کمی‘

ایمریٹس کا کہنا ہے کہ ’فضائی آپریشن کو تیز اور محفوظ طریقے سے بحال کرنے پر توجہ دی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایمریٹس ایئرلائن کا سالانہ خسارہ گذشتہ سال کی نسبت پانچ گنا کم ہو کر ایک ارب 10 کروڑ ڈالر رہ گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ایمریٹس ایئرلائن نے جمعے کو سالانہ خسارے میں ’نمایاں کمی‘ کا اعلان کیا ہے۔
ایک ارب 10 کروڑ کا یہ خسارہ گذشتہ سال کے مقابلے میں پانچ گنا کم ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ اب کورونا کی وبا کے پیش نظر عائد کی گئی سفری پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں۔
ایمریٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مالی سال 2022-2021 میں مارچ سے تین ارب 90 کروڑ درہم (ایک ارب 10 کروڑ ڈالر) کا نقصان ہوا جبکہ 91 فیصد ریونیو حاصل ہوا کیونکہ ایئرلائن نے اپنی پروازیں بحال کی تھیں۔
مشرق وسطیٰ کی سب سے بڑی ایئرلائن نے کہا ہے کہ اسے بحران سے نمٹنے کے لیے دبئی کی حکومت سے 95 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا سرمایہ ملا۔
ایمریٹس کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو شیخ احمد بن سعید المکتوم کا کہنا ہے کہ ’اس سال جہاں بھی وبا کے پیش نظر عائد پابندیوں میں نرمی کی گئی، ہم نے اپنے (فضائی) آپریشن کو تیزی اور محفوظ طریقے سے بحال کرنے پر توجہ مرکوز کی۔‘
انہوں نے کہا کہ کاروبار کی بحالی میں خاص طور پر سال کے دوسرے نصف میں تیزی آئی۔ صارفین کی طلب کی وجہ سے گذشتہ سال ہونے والے نقصانات کی نسبت ہماری مالی کارکردگی میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے۔‘
مالی سال کے دوران ایمریٹس نے 19.6 ملین مسافروں نے ایمریٹس کا سفر کیا جو پچھلے سال سے زیادہ تھا۔ گذشتہ سال 2021 میں 66 لاکھ سے زائد مسافروں نے ایمریٹس کا سفر کیا تھا۔
ایمریٹس کے چیئرمین شیخ احمد کا کہنا ہے کہ’ 2022-2021 بھی ایک اہم سال تھا کیونکہ متحدہ عرب امارات نے اپنی 50 ویں سالگرہ منائی اور دبئی ایکسپو 2020 میں دنیا کی میزبانی کی۔‘

شیئر: