Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک ہفتے میں مزید 10 ہزار سے زیادہ غیر ملکی گرفتار، 7 ہزار سے زیادہ بے دخل

سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران رہائش، کام اور سرحدی حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر مملکت کے مختلف علاقوں سے تفتیشی ٹیموں نے 10 ہزار سے زائد غیرقانونی تارکین کو گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ’تفتیشی کارروائیاں 5 سے 10 مئی 2022  تک جاری رہی ہیں جس میں 10 ہزار 850 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لیا گیا‘ـ
رپورٹ کے مطابق’ 6 ہزار 565 سے زائد تارکین اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کےمرتکب پائے گئے جبکہ 3 ہزار12 غیر ملکیوں کو سرحدی حدود کی خلاف ورزی کے جرم میں گرفتار کیا گیا۔ ایک ہزار 273 تارکین کو قانون محنت کی خلاف ورزی پرحراست میں لیا گیا ہے‘۔ 
’ 289 افراد کوغیر قانونی طورپر سعودی عرب کی سرحد عبورکرتے ہوئے گرفتار کیا گیا جن میں سے 35 فیصد یمنی، 47 فیصد ایتھوپی اور18 فیصد مختلف ممالک کے شہری تھے‘۔
علاوہ ازیں 58 افراد کو غیر قانونی طریقے سے سعودی عرب کی سرحد عبورکرکے بیرون ملک جانے کی کوشش کرتے ہوئے حراست میں لیا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’14 افراد کو غیر قانونی تارکین کو پناہ، روزگار اور نقل و حمل کی سہولت دینے کے جرم میں حراست میں لیا گیا ہے‘۔ 
بیان میں کہا گیا کہ’ 83 ہزار457 غیر قانونی تارکین کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان میں سے 79 ہزار313 مرد اور 4 ہزار144 خواتین ہیں‘۔ 
71 ہزار 100 کے پاس سفری دستاویزات نہیں تھیں۔ انہیں دستاویزات حاصل کرنے کے لیے سفارتخانوں سے رجوع کرنے کا موقع دیا گیا ہے جبکہ 25 ہزار 28 کے سفر کی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔ 7 ہزار 475 کو مملکت سے بے دخل کیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین وطن کو سفری، رہائشی یا ملازمت کی سہولت فراہم کرنا قانونا جرم ہے۔ اس پر سخت اور مختلف سزائیں مقرر ہیں۔
 جو شخص بھی غیر قانونی تارکین کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی سہولت فراہم کرے گا اسے 15 برس قید اور 10 لاکھ ریال جرمانے کی سزا ہوگی۔
 غیر قانونی طریقے سے مملکت میں داخل ہونے والوں کو مختلف سہولتیں فراہم کرنے کی صورت میں گاڑی اور رہائش کے لیے استعمال ہونے والا مکان بھی ضبط کرلیا جائے گا اور خلاف ورزی کے ذمہ دار کی مقامی میڈیا میں تشہیر بھی کی جائے گی۔

شیئر: