Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو اے ای کے صدر کی وفات پر تعزیت، امریکی وفد امارات روانہ

امریکی وفد میں نائب صدر کملا ہیرس کے علاوہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سمیت دیگر حکام شامل ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہو گیا ہے جو صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر تعزیت کرے گا اور نئے صدر سے ملاقات کرے گا۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جو بائیڈن انتظامیہ کی جانب سے تیل کی دولت سے مالامال ابوظبی کا دورے کا مقصد یہ بھی ہے کہ حمایت کا اظہار بھی کیا جائے کیونکہ امریکی حکومت اپنے شراکت دار کے ساتھ متاثرہ تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفد میں وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے علاوہ سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن، سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز اور شعبہ آب و ہوا کے نمائندہ جان کیری اور دیگر حکام شامل ہیں۔
یو اے ای نے ابوظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کو صدر کی وفات کے بعد نیا صدر نامزد کیا ہے۔
مغربی اور عرب دارالحکومتوں پر گہرا اثرورسوخ رکھنے والی ابوظبی میں اتوار کو صدور اور وزرائے اعظم جوق در جوق پہنچے اور شیخ خلیفہ کو خراج عقیدت پیش اور نامزد صدر شیخ محمد کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
فرانسیسی صدر میکخواں اور برطانوی وزیراعظم بورس جانسن پہلے یورپی رہنما تھے جو یو اے ای کے دارالحکومت پہنچے۔
ابوظبی روانگی سے امریکہ کی نائب صدر کملا ہیرس کا کہنا تھا کہ وہ امریکی صدر جو بائیڈن کی جانب سے شیخ خلیفہ کی وفات پر تعزیت اور یو اے ای کے ساتھ امریکہ کے اہم تعلقات کو آگے بڑھانے جا رہی ہیں۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ ’امریکہ یو اے ای کے ساتھ اپنے تعلق اور شراکت داری کو بہت سنجیدگی سے دیکھتا ہے۔‘
ان کے مطابق ’ہم تعزیت کرنے جا رہے ہیں تاہم اپنے تعلق کی مضبوطی کے لیے اپنی کمٹمنٹ کا اظہار بھی کریں گے۔‘

شیئر: