Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شُکر ہے سپریم کورٹ نے ووٹ بیچنے والوں کے ووٹ رد کر دیے: عمران خان

عمران خان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان بری طرح پھنس گئے ہیں (فوٹو: پی ٹٰی آئی)
پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے منحرف اراکین کے حوالے سے آج سپریم کورٹ کے فیصلے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہم سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘
منگل کو کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ لوگ ملک کی اخلاقیات کو نیچے گرا رہے تھے جس کو سپریم کورٹ نے بچایا ہے۔‘
’شکر ہے کہ سپریم کورٹ نے ان لوگوں کے ووٹ کو رد کر دیا ہے جو ووٹ بیچ کر لوگوں سے غداری کرتے ہیں۔‘
عمران خان نے حمزہ شہباز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بڑی دیر سے اچکن سلوائی ہوئی تھی، مگر اب اس کو ایک طرف رکھ دیں۔
ان کے مطابق ’اب پنجاب میں مرغی کی قیمت بھی نیچے آ جائے گی۔‘
انہوں نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ وہی شریف خاندان کی کرپشن کے کیسز سننا شروع کرے کیونکہ ایف آئی اے نے ہاتھ کھڑے کر دیے ہیں۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے گالیاں ن لیگ کو پڑ رہی ہیں اور زرداری مزے کر رہے ہیں۔
عمران خان نے شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان کو ’تھری سٹوجز‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بری طرح پھنس گئے ہیںَ۔
’اِن کے سامنے سمندر ہے اور پیچھے پی ٹی آئی کے ٹائیگرز‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے جا رہی ہیں اور اس کا حکم وہیں سے آیا ہے جہاں سے حکومت بنی تھی۔
انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری کا ذکر کرتے ہوئے کہ وہ مسلم لیگ ن پر بھاری ثابت ہوئے ہیں۔

عمران خان نے شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان اور آصف علی زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا (فوٹو: اے ایف پی)

سابق وزیراعظم کے مطابق ’ہم نے روس سے تیل اور گندم تیس فیصد کم قیمت پر منگوانے کا فیصلہ کیا تھا۔‘
عمران خان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا تذکرہ کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ انہوں نے صرف ایک دھمکی پر گھٹنے ٹیک دیے تھے۔
انہوں نے جلسے کے شرکا سے پوچھا کہ جب وہ اسلام آباد کے لیے کال دیں گے تو کیا وہ نکلیں گے؟
جس کا اثبات میں جواب دیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ گرمی سے نہ گھبرائیں۔
’میں نے 21 سال کرکٹ کھیلی، اس لیے گرمی نہیں لگتی اور میرے نوجوانوں کو بھی نہیں لگتی۔‘
عمران خان کا کہنا تھا ہم ان چوروں اور ان کو مسلط کرنے والوں کو پیغام دیناہے کہ یہ ایک آزاد ملک ہے۔

شیئر: