Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگریزی نہ آنا نالائقی؟ سینیٹر صابر شاہ کی تقریر زیرِ بحث

سوشل میڈٰیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو اقوام متحدہ میں سینیٹر صابر شاہ کی تقریر کی ہے۔ (تصویر: ٹوئٹر)
گذشتہ کئی گھنٹوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں پاکستان کے سینیٹر صابر شاہ کو اٹک اٹک کر ایک کاغذ سے پڑھ کر انگریزی بولتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یہ ویڈیو ہے امریکہ میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہونے والے ’انٹرنیشنل مائگریشن فورم 2022‘ کے اجلاس کی۔
اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کچھ صارفین ان کی کمزور انگریزی پر تنقید اور کچھ ان کا دفاع کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
مقامی تجزیہ کار عدنان عدیل نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے طنزیہ الفاظ میں لکھا ’اور پھر ہم پوچھتے ہیں کہ ہمیں کوئی سنجیدہ کیوں نہیں لیتا؟‘
ٹوئٹر پر خالد نامی صارف نے سینیٹر صابر شاہ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان کی پارٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو پاکستان کے چہرے پر لگا ’داغ‘ قرار دیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پرچی سینیٹر صابر شاہ اقوام متحدہ میں لکھی ہوئی تقریر بھی پڑھنے سے قاصر ہیں اور انہیں موڈریٹر کی جانب سے انتباہ بھی جاری کیا گیا۔‘
ایسی ایک ویڈیو قومی اسمبلی کے سابق سپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے شیئر بھی کی گئی اور لکھا ’ن لیگی سییٹر صابر شاہ عالمی فورم پر انگریزی زبان کا پوسٹمارٹم اور پاکستان کے لیے شرمندگی کا باعث بنتے ہوئے۔‘ 

شیریں یار یوسفزئی نامی صارف نے پاکستانی سینیٹر کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ’سب سے پہلی بات تویہ ہے کہ صابر شاہ کو انگریزی زبان کے بجائے اردو زبان میں اپنا مدعا بیان کرنا چاہیے تھا۔‘
تاہم وہ صابر شاہ کا دفاع کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ انہوں نے لکھا کہ ’دوسری بات یہ ہے کہ انگریزی زبان پر عبور نہ رکھنا نااہلی، نالائقی یا شرمندگی نہیں ہے۔‘

ایک ایسی ہی ٹویٹ مقامی رپورٹر عباس شبیر کی جانب سے بھی کی گئی جس میں انہوں نے صابر شاہ پر تنقید کی۔
ان کی اردو میں کی گئی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے صنم جمالی نامی صارف نے لکھا ’اگر عزت انگریز بولنے سے آتی ہے تو آپ لوگ کون سی آزادی کی بات کررہے ہیں؟‘

صنم نے لکھا ’صابر شاہ صاحب کو اگر اگر انگلش بولنا نہیں آتی تو اس میں کوئی بری بات نہیں۔‘

شیئر: