Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلاول بھٹو کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، ’بہتر تعلقات کے خواہش مند ہیں‘

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے امریکی ہم منصب اینٹونی بلنکن سے ملاقات کی ہے۔
امریکی وزارت خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق بدھ کو نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوئی۔
امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تجارت اوراقتصادی تعاون پر بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’علاقائی سکیورٹی پر گفتگو بھی ملاقات میں شامل ہے۔ پاکستان جی 77 کی سربراہی کررہا ہے، امریکہ اس سے بہتر تعلقات کا خواہش مند ہے۔‘
اینٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر کام کرنے پر خوشی ہے۔ ان سے فوڈ سکیورٹی کے مسئلے پر بات ہوگی، یہ اہم چیلنج ہے جس کا پوری دنیا کو سامنا ہے۔
’یوکرین پر روسی حملے کے بعد فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ شدید ہوچکا ہے۔ اس سے مزید چار کروڑ افراد فوڈ سکیورٹی کے مسائل کا شکار ہوئے۔ فوڈ سکیورٹی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہم اکٹھے ہو رہے ہیں۔ اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اقدامات کی کوششوں میں پاکستان کی شمولیت پرشکر گزار ہیں۔‘
امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ’دوطرفہ معاشی اور تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور علاقائی سکیورٹی پر توجہ مرکوز ہے۔‘
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تجارتی تعلقات بہتر کرنے کے لیے مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان روابط بڑھانے کے مواقع کا بھی منتظر ہوں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تجارت اوراقتصادی تعاون پر بات ہوگی (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان جیسے ممالک کو امن و امان، محفوظ توانائی اور آبی تحفظ کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے لے کر پڑوسی ممالک میں موجود کئی ایشوز کا سامنا ہے۔‘
قبل ازیں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی۔
انہوں نے جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے پر زور دیا۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نیو یارک میں ہونے والے گلوبل فوڈ سکیورٹی سے متعلق اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
یہ اجلاس امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کی جانب سے بلایا گیا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں یوکرین پر روس کے حملے کے بعد غذائی اجناس کی قیمتیں بڑھنے کا جائزہ لینا اور اس کا سدباب کرنا ہے۔

شیئر: