Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں تاریخی پرواز، تمام سٹاف خواتین پر مشتمل

تاریخی فلائٹ 117ریاض سے جدہ کے لیے چلائی گئی۔ (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کی ایئرلائن فلائی ادیل نے مملکت میں پہلی اندرون ملک پرواز کی ہے جس کا تمام سٹاف خواتین پر مشتمل تھا۔ 
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو ایئرلائن کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر یہ اعلان کیا گیا کہ سعودی ایوی ایشن کی تاریخ میں پہلی بار فلائی ادیل نے اپنی پرواز تمام خواتین سٹاف کے ساتھ چلائی ہے۔
جدید ترین A320 طیارے کے ذریعے یہ تاریخی فلائٹ 117ریاض سے جدہ کے لیے چلائی گئی۔

اس فلائٹ کی شریک پائلٹ یارا جان نے ایک سال قبل اس ایئر لائن میں شمولیت اختیار کی۔  فوٹو ٹوئٹر

سعودی خواتین نے زندگی کے بہت سے ایسے شعبوں میں خود کو منوا لیا ہے جہاں طویل عرصے سے مردوں کی اجارہ داری رہی ہے اب ان میں ہوابازی سے متعلق شعبہ بھی شامل ہو گیا ہے۔
سات خواتین کے عملے کے ساتھ  فلائی ادیل کی فلائٹ 117 میں 23 سالہ یارا جان شریک پائلٹ کی حیثیت سے موجود تھیں جو سب سے کم عمر سعودی خاتون پائلٹ بھی ہیں۔
اس موقع پر یارا جان نے بتایا  ہے کہ وہ ہوا بازی کے اس تاریخی لمحے میں سعودی خواتین کے لیے بہت فخر محسوس کر رہی ہیں۔

سعودی ایوی ایشن کی تاریخ میں پہلی پرواز جس میں تمام عملہ خواتین پر مشتمل ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

انہوں نے کہا کہ ’سعودی خاتون کی حیثیت سے یہ ایک قابل فخر اقدام  ہے جو میرے لیے انتہائی فخر اور خوشی کا لمحہ ہے۔‘
اس فلائٹ کی شریک پائلٹ یارا جان نے 2019 میں فلوریڈا میں فلائٹ سکول سے گریجویشن کی اور ایک سال قبل سعودی عرب کی اس ایئر لائن میں شمولیت اختیار کی۔
شریک پائلٹ ہونے کا مطلب پائلٹ کے کئی اہم کاموں میں مدد کرنا جیسے نیویگیشن اور چیک لسٹ مکمل کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’اگرچہ سعودی خاتون پائلٹ بننا ایک نئی بات ہے لیکن ہماری نسل کے لیے یہ ناممکن نہیں۔‘

سعودی خاتون پائلٹ بننا نئی بات ہے لیکن ہماری نسل کے لیےناممکن نہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

ان کا کہنا تھا کہ ’اس ایئر لائن میں مجھے مثبت تبدیلی کا موقع ملنے پر ہمیشہ خوشی ہوگی جس نے سب سے کم عمر خاتون پائلٹ بننے میں میری رہنمائی اور بہت مدد کی۔‘
واضح رہے کہ سعودی خواتین پائلٹوں کی تعداد میں حال ہی میں اضافہ ہوا ہے جن میں تین نام نمایاں ہیں۔
سعودی کمرشل پائلٹ لائسنس کے ساتھ پرواز کرنے والی پہلی خاتون پائلٹ ہنادی زکریا الہندی ہیں۔
راویہ الریفی متحدہ عرب امارات سے بین الاقوامی سطح پر ایئربس A320 اڑانے والی پہلی خاتون پائلٹ ہیں اور شریک پائلٹ یاسمین المیمانی جو مملکت میں تجارتی طیارے کی پہلی شریک پائلٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
 

شیئر: