Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان کا 25 مئی کو لانگ مارچ کا اعلان، ’فوج نیوٹرل رہے‘

عمران خان نے کہا کہ لوگ پہلے سے تیاری کر لیں۔ دو دن پہلے انٹرنیٹ بند ہو جائے گا (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ تحریک انصاف 25 مئی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرے گی۔
اتوار کو پشاور میں پارٹی کے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ‘25 تاریخ کو میں آپ کو اسلام آباد میں دوپہر تین بجے سری نگر ہائی وے پر ملوں گا۔ خواتین بھی ہمارے ساتھ نکلیں۔ میں چاہتا ہوں ہر شعبے کے لوگ نکلیں۔‘ 
عمران خان کے مطابق ’ہم نے نہ جیل دیکھنی نہ کچھ اور۔ ہم اپنی جان دینے کے لیے بھی تیار ہیں۔ ہم کسی صورت ان کو تسلیم نہیں کریں گے۔ جتنی دیر اسلام آباد رہنا پڑا رہیں گے۔ ہمارا مطالبہ اسمبلیوں کی تحلیل،  الیکشن کی تاریخ اور صاف و شفاف الیکشن ہے۔‘
’ہم ہمیشہ پرامن رہے ہیں۔ ہمارے جلسوں میں خواتین، بچے، نوجوان اور ہر عمر کے لوگ ہیں۔ یہ سیاست نہیں جہاد ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ ہماری بیوروکریسی سن لے کہ اگر کوئی غلط کارروائی کی تو ہم ایکشن لیں گے۔ پولیس، بیوروکریسی اور فوج ہماری ہے۔ یہ ہمارا ملک ہے۔ فوج نے کہا ہے کہ وہ نیوٹرل ہے تو اب اس معاملے میں بھی نیوٹرل رہے۔‘
عمران خان کا پشاور سے لانگ مارچ کی قیادت کا اعلان
دریں اثنا عمران خان نے کہا کہ وہ پشاور سے لانگ مارچ کی قیادت کرتے ہوئے اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر پہنچیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں چاہتا ہوں کہ 25 مئی کو پوری قوم نکلے اور حقیقی آزادی مارچ کے لیے اسلام آباد کے سری نگر ہائی وے پر جمع ہو جہاں میں آپ سے سہ پہر 3 بجے ملوں گا۔ میں انشا اللہ خیبرپختونخوا سے مارچ کی قیادت کروں گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’حکومت گرانے کی سازش پچھلے سال شروع ہوئی۔ ہم کوشش کرتے رہے کہ کسی طرح یہ سازش کامیاب نہ ہو، لیکن بدقسمتی یہ تھی کہ ہم اسے نہ روک سکے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں بہت کم جی ڈی پی میں چھ فیصد اضافہ ہوا جو ہم نے کیا۔ صنعت آگے بڑھ رہی تھی۔ کسانوں کو سہولت دی۔ ریکارڈ فصلیں ہوئیں۔ سارے برصغیر میں پاکستان میں سب سے کم بیروزگاری تھی۔ ٹینکالوجی کی ایکسپورٹ 75 فیصد بڑھ رہی تھی۔ کرپشن کا کوئی کیس نہیں تھا۔ عمران خان کوئی جائیداد نہیں بنا رہا تھا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہمیں بینک کرپٹ ملک ملا۔ ہم ڈیفالٹ کے قریب تھے۔ ابھی اس کو مشکل میں سے نکال رہے تھے تو کورونا آگیا۔ باقی ملکوں کے مقابلے میں ہم نے اسے بہت اچھے طریقے سے سنبھالا۔ دنیا نے ہماری تعریف کی۔ اس وقت حکومت کو سازش کے تحت گرایا گیا، بتایا گیا کہ یہ تجربہ کار ٹیم ہے۔ ان کا تجربہ نظر آ گیا ہے اکانومی میں۔ جس طرح روپیہ گرا ہے اس کا سارا اثر پیٹرول، بجلی پر پڑے گا۔ مہنگائی پر اثر پڑے گا۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’’اس حکومت کی جرات نہیں ہے کہ روس سے گندم اور تیل خریدیں۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)

عمران خان نے کہا ’ہم نے ریکارڈ ٹیکس کولیکشن کی۔ آج ان کے پاس نہ کوئی پلان ہے اور نہ ہی یہ فیصلے کر سکتے ہیں۔ یہ کہہ رہے ہیں کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی فیصلہ کرے۔ باہر بیٹھا مفرور ہدایت دے رہا ہے۔ آدھی کابینہ ضمانت پر ہے۔‘
’ہمارے ملک کی توہین کی گئی یہاں بیٹھے میر جعفر اور میر صادق کی سازش سے۔ دوسری توہین یہ کی باہر بیٹھ کر ایک انڈر سیکرٹری نے کہا کہ اسے ہٹاو تو معاف کر دیں گے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ روس کیوں گیا۔ جنہوں نے سازش کی ان کا کہنا تھا کہ خود ہی چلا گیا روس۔ اکیلے نے فیصلہ کیا۔ یہاں پر بھی سازش کی گئی اسے برے طریقے سے پیش کیا گیا۔‘
تحریک انصاف کے رہنما کے مطابق انڈیا نے کل اعلان کیا کہ وہ تیل کی قیمتیں کم کر رہے ہیں۔ ’انہوں نے بھی روس سے تیل خریدا۔ ہم نے تیس فیصد کم قیمت پر تیل خریدنا تھا۔ انہوں نے اپنی عوام کے لیے فیصلہ کیا۔‘
’اس حکومت کی جرات نہیں ہے کہ روس سے گندم اور تیل خریدیں۔ یہ ہماری توہین ہے۔ بائیس کروڑ پاکستانیوں کی توہین ہے۔‘ 

شیئر: