Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ورلڈ کپ کوالیفائنگ کی دوڑ سے باہر

پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے لیے انڈیا کو انڈونیشیا کو کم از کم 16 گولز سے ہرانا ضروری تھا۔ (فوٹو: انڈیا ہاکی)
انڈونیشیا کے شہر جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ میں انڈیا نے انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں 16 گولز سے شکست دے دی ہے۔
جمعرات کو ہونے والے میچ میں انڈیا کی فتح کے ساتھ ہی جہاں پاکستان ایشیا کپ کے اگلے مرحلے سے باہر ہوا وہی اگلے برس انڈیا میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کی کوالیفائنگ کی دوڑ سے بھی باہر ہو گیا ہے۔
قبل ازیں اس سے پہلے کھیلے گئے میچ میں جاپان نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گولز سے شکست دے دی تھی۔
میچ کے 14 ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے ریوما اوکا اور 15 ویں منٹ میں اکیومی سیگی نے فیلڈ گولز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے دوسرے کوارٹر کے 23 ویں منٹ میں پہلا گول سکور کیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلا گول سکور ہونے کے تین منٹ بعد ہی جاپان کے تاکوما نیوا نے گول سکور کر کے اپنی ٹیم کی برتری میں اضافہ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے مبشر علی نے پینلٹی کارنر کے دوران دوسرا گول سکور کیا، لیکن میچ کے اختتام تک پاکستان جاپان پر برتری حاصل کرنے میں ناکام رہا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے اپنے گزشتہ میچ میں انڈونیشیا کو صفر کے مقابلے میں 13 گول سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی کامیابی حاصل کی تھی۔
قبل ازیں پاکستانی ہاکی ٹیم کا انڈیا کے ساتھ میچ ایک ایک گول سے برابر ہو گیا تھا۔
پاکستان کا اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کرنے کا فیصلہ انڈیا اور انڈونیشیا کے درمیان کھیلے گئے میچ کے نتائج پر تھا۔
پاکستان کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے کے لیے انڈیا کو انڈونیشیا کو کم از کم 16 گولز سے ہرانا ضروری تھا۔

شیئر: