Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹی20: پاکستانی ویمن ٹیم نے سری لنکا کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

بسمہ معروف 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ (فوٹو: کرک انفو)
پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کی ویمن کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹی20 میچ میں سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
جمعرات کو کراچی کے ساؤتھ اینڈ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ٹیم کی کپتان چماری اتاپاتو نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت نہ ہوا اور پوری ٹیم 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 102 رنز بنا پائی۔
پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر 17 گیندیں قبل ہی پورا کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے منیبہ علی اور گُل فیروزہ نے اننگز کا آغاز کیا لیکن فیروزہ دوسرے اوور میں ہی تین رنز بنا پویلین روانہ ہو گئیں۔
منیبہ علی 17 رنز بنا کر راناویرا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھیں۔ ارم جاوید 11 رنز بنا کر اوشادی رانا سنگھے کا شکار بنیں۔
34 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بسمہ معروف اور عائشہ نسیم نے ٹیم کو سہارا دیا اور فتح تل پہنچایا۔
بسمہ 22 اور عائشہ 45 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ عائشہ نسیم کو میچ وننگ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی20 میچ میں سری لنکا کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 28 مئی کو کھیلا جائے گا۔

شیئر: