Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ای سکوٹر شاہراہوں پر چلانے کے لیے ضوابط کا اعلان

سکوٹر کو سڑک پر لانے سے قبل ضوابط پرعمل کرنا لازمی ہے( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کی وزارت داخلہ نے ای سکوٹر کو شاہراہوں پر چلانے والوں کی حفاظت کے لیے متعدد ضوابط کا اعلان کیا ہے۔
سکوٹر کو سڑک پر لانے سے قبل مقرر کردہ ضوابط پرعمل کرنا لازمی ہے۔ 
امارات الیوم کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ ضوابط میں کہا گیا ہے کہ سکوٹر کو فنی اعتبار سے درست حالت میں رکھا جائے۔ اگر اس کی موٹر وغیرہ میں کوئی خرابی ہو تو اسے فوری طور پر درست کیا جائے۔ 
سکوٹر کو سڑک پر لانے سے قبل اس کے ٹائروں کا معائنہ کریں، خراب ہونے پر انہیں درست کرایا جائے۔ بریکوں اور شاکس کا خاص خیال رکھا جائے۔ 
سکوٹر کے ہینڈل کو مناسب بلندی پر رکھیں تاکہ کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سکوٹر چلانے سے قبل حفاظتی لوازمات کو پورا کیا جائےجن میں ہیلمٹ، ہاتھوں اور گھٹنوں کے گارڈز  پہنے جائیں۔  
رات کے وقت سکوٹر چلاتے وقت روشنی منعکس کرنے والی جیکٹ کا استعمال لازمی کیا جائے تاکہ اندھیرے میں روشنی پڑنے پر سکوٹر سوار کی شناخت ممکن ہو سکے۔ 
سکوٹی استعمال کرنے والا اسے چلانے کی مکمل مہارت رکھتا ہو اور حفاظتی امور کے حوالے سے بھی آگاہ ہو اور ٹریفک قوانین پرعمل کیاجائے۔ 
واضح رہے اماراتی وزارت داخلہ نے ٹریفک پولیس کے اشتراک سے سکوٹی کے حوالے سے احتیاطی مہم شروع کی ہے جس میں لوگوں کو اس حوالے سے حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کے لیے آگاہ کیا جا رہا ہے۔ 

شیئر: