Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیپال کا مسافر طیارہ 22 افراد سمیت لاپتا ہو گیا

حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی تلاش کے لیے دو ہیلی کاپٹر روانہ کر دیے گئے ہیں (فوٹو: نیوز نائن)
نیپال میں ایک مسافر جہاز لاپتا ہو گیا ہے جس پر تین جرمن اور چار انڈین شہریوں سمیت 22 افراد سوار تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے نیپال کی تارا ائیر لائنز کے حوالے سے بتایا کہ یہ جہاز اتوار کی صبح دوران پرواز غائب ہوا۔
ٹوئن اوٹر ائیرکرافٹ نے صبح نو بج کر 55 منٹ پر نیپال کے مغربی قصبے پوکھارا سے اڑان بھری تھی لیکن جلد ہی اس کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
تارا ائیر کے ترجمان سدھرشن بھرتولہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’جومسوم اور پوکھارا کے درمیان پرواز کے دوران اس طیارے کا رابطہ منقطع ہوا۔‘
انہوں نے بتایا اس طیارے میں 19 مسافر جبکہ عملے کے تین ارکان موجود تھے۔
نیپال کی وزارت داخلہ کے ایک ترجمان پھانندرا مانی پوکھاریل نے بتایا کہ مسافر طیارے کی تلاش کے لیے دو ہیلی کاپٹر روانہ کر دیے گئے ہیں لیکن ان کے بقول ’حد نگاہ بہت کم ہے۔‘
’خراب موسم کی وجہ سے رسیکیو آپریشن متاثر ہو سکتا ہے کیونکہ اس صورت حال میں کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا۔‘
خیال رہے کہ جومسوم کھٹمنڈو کے مغربی علاقے میں واقع کوہ ہمالیہ کا ایک معروف سیاحتی مقام ہے۔ یہ مقام پوکھارا سے 20 منٹ کی ہوائی مسافت پر واقع ہے۔

شیئر: