Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات میں ’منکی پاکس‘ کے تین نئے کیسز کی تصدیق

کووڈ 19 وائرس کے مقابلے میں اس کا دائرہ محدود ہے( فائل فوٹو روئٹرز)
متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’اتوار کو ’منکی پاکس‘ کے تین نئے کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں۔‘ 
اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ’ ’منکی پاکس‘ متعدی مرض ہے تاہم کووڈ  19 وائرس کے مقابلے میں اس کے پھیلنے کی رفتار اور دائرہ محدود ہے۔ یہ ایک انسان سے دوسرے انسان کو بہت کم لگتا ہے۔ 
وزارت صحت نے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے کہا کہ’ وہ سفر اور تقریبات کے دوران حفاظتی تدابیر کی پابندی کریں۔ حفظان صحت کے منافی کاموں سے گریز کریں‘۔
وزارت صحت نے بیان میں اطمینان دلایا کہ’ امارات میں’ منکی پاکس‘ کے پھیلنے کے امکانات محدود ہیں۔ حکومت نے بچاؤ کے تمام انتظامات کررکھے ہیں۔‘ 
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت نے منگل 24 مئی کو ملک میں ’منکی پاکس‘ کے پہلے کیس کی تصدیق کی تھی۔
 وزارت صحت نے بیان میں کہا تھا کہ ’مغربی افریقہ سے آنے والی 29 سالہ خاتون طبی معائنے کے دوران ’منکی پاکس‘ میں مبتلا پائی گئی۔ امارات میں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں اس کا علاج کیا جارہا ہے‘۔ 
منکی پاکس کی علامات کیا ہیں؟
وزارت صحت کے مطابق ’ منکی پاکس‘ کی نمایاں علامتوں میں بخار، شدید تھکاوٹ کا احساس، شدید درد، خارش، ایک سے تین دن تک بخار اور انفیکشن شامل ہے۔
’وائرس کی علامتیں ظاہر ہونے کے درمیان کا عام طور پر 5 سے 21 دن کا وقفہ ہوتا ہے‘۔ 

شیئر: