Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اسلام مخالف تبصرہ‘، انڈیا میں جھڑپوں کے بعد 36 افراد گرفتار

حکام کے مطابق جھڑپوں کے دوران 13 پولیس اہلکار اور دونوں گروہوں سے 30 افراد زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: سکرین گریب)
انڈین پولیس نے کہا ہے کہ ریاست اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک ترجمان کی جانب سے اسلام مخالف متنازع ریمارکس پر جھڑپوں کے بعد 36 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سنیچر کو ریاست اترپردیش کے شہر کانپور میں پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرلی ہے۔
حکام کے مطابق جھڑپوں کے دوران 13 پولیس اہلکار اور دونوں گروہوں سے 30 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
نماز جمعہ کے بعد کانپور میں مسلمانوں نے بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما کے متنازع تبصرے کے بعد احتجاج کی کال دی تھی۔ اس پر شہر کے مختلف حصوں میں تشدد کے واقعات رپورٹ ہوئے اور دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ بھی کیا۔
پولیس کمشنر وجے سنگھ مینا نے کہا ہے کہ ’ویڈیوز کی بنیاد پر گرفتاریاں ہوئی ہیں اور ویڈیوز کے ذریعے ہی مزید افراد کی بھی شناخت کی جا رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سازش کرنے والوں کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی اور ان کی جائیدادں بھی ضبط کی جائیں گی۔
شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے سے نمٹنے کے لیے بھاری سکیورٹی تعینات کی گئی ہے۔

شیئر: