Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرح گوگی نے اگر کچھ نہیں کیا تو وہ واپس آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں: مریم نواز

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کا خزانہ خالی ہے، ملک کی معیشت کا برا حال ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ بنی گالہ کرپشن کا گڑھ ہے جہاں تقرری اور تبادلوں کے لیے پیسے وصول کیے جا رہے تھے۔
پیر کو لاہور میں پارٹی سیکریٹریٹ میں اپنی پارٹی کی انسٹاگرام ٹیم سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ فرح گوگی نے اگر کچھ نہیں کیا تو وہ پاکستان واپس آئیں اور مقدمات کا سامنا کریں۔
’فرح گوگی فرنٹ پرسن ہیں اور ڈائریکٹ بنیفیشریز عمران خان اور پیرنی صاحبہ ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ کل ایک آڈیو جب ٹی وی پر چل رہی تھی جس میں سابق خاتون اول کہہ رہی تھیں کہ تین نہیں پانچ قیراط کا ہیرا چاہیے۔ اس سے ترجیحات معلوم ہوتی ہیں۔
’ایک تالا کھلوانے کے لیے ہیرا مانگ رہی ہیں۔ یہ کیس آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو ڈوبنے نہیں دیا اور جب بھی ن لیگ کو موقع ملا، اس نے ملک کو مشکل وقت سے نکالا ہے۔
’ہمارا دل نہیں کرتا کہ تیل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھائیں لیکن ملک کو بچانا ہے سیاست کو نہیں۔‘
مریم نواز نے کہا کہ ’وہ اپنے چار سال کی کارکردگی نہیں دے سکا میں چھ ہفتوں کی دیتی ہوں۔‘
ان کے مطابق پاکستان کا خزانہ خالی ہے، ملک کی معیشت کا برا حال ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ انقلاب جو گلی گلی محلے محلے سے نکلا تھا آج اپنی ضمانتیں کر وا رہا ہے۔
’جو سپرپاور کو للکار رہا تھا، گرفتاری کے ڈر سے آج راہداری ضمانت کے لیے پشاور میں بیٹھا ہوا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر آپ نے ظلم کا سامنا کرنا ہے اپنی ملک کی خاطر تو آپ کو نواز شریف جیسا جگر چاہیے۔‘

شیئر: