Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گوادر سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ حادثے سے بچ گیا

پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
حکام کے مطابق گوادر سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا اے ٹی آر طیارہ حادثے سے بچ گیا ہے۔
 پیر کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان سیف اللہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ٹیک آف کے وقت طیارے کا ٹائر پھٹ گیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پائلٹ نے طیارے کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بحفاظت اتار لیا۔ طیارے میں 60 مسافر سوار تھے۔
’آج سہ پہر گوادر سے کراچی کے لیے پی آئی اے کی پرواز پی کے 504 کے ٹیک آف کے بعد جب گراؤنڈ سٹاف نے رن وے کا جائزہ لیا تو گوادر ایئرپورٹ کے رن وے پر طیارے کے ٹائر کے ٹکڑے پڑے پائے گئے۔‘
گوادر رن وے کے عملے نے کراچی ایئرپورٹ کو اطلاع دی تھی کہ گوادر سے اڑان بھرنے والے طیارے کا ٹائر پھٹ گیا ہے۔
سول ایشن کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے عملے نے ایمرجنسی نافذ کی اور طیارے کو محفوظ طریقے سے زمین پر اتارنے کے لیے اقدامات کیے۔

کراچی ایئر پورٹ کے رن وے پر موجود عملے کے مطابق  طیارے کا ایک ٹائر متاثر ہوا ہے۔ (فوٹو: پی آئی اے)

گوادر ایئر پورٹ کے حکام کی اطلاع پر کراچی کنٹرول ٹاور نے طیارے کے کپتان کو صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔
طیارے کا ٹائر پھٹنے کی اطلاع ملتے ہی کراچی ایئر پورٹ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کے حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

شیئر: