Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دمشق پر اسرائیلی میزائلوں کی بارش، کئی مار گرانے کا دعویٰ

شام کی فوج کے مطابق میزائل حملوں میں جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
شام کے دارالحکومت دمشق پر اسرائیل نے متعدد میزائل داغے ہیں تاہم کسی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے شام کی سرکاری خبر ایجنسی صنعا کے حوالے سے بتایا کہ دمشق میں فضائی دفاع کے نظام نے اکثر اسرائیلی میزائل ناکام بنا دیے۔
شام کی فوج کے ذرائع کے حوالے سے دی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’دشمن اسرائیل نے مقبوضہ گولان کی پہاڑی اور دمشق کے جنوب میں بعض علاقوں کو نشانہ بنایا جن میں سے زیادہ تر میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے۔‘ 
دارالحکومت دمشق میں موجود اے ایف پی کے نمائندے کے مطابق شہر میں شام کے وقت دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
گزشتہ ماہ زمین سے زمین تک مار کرنے والے اسرائیلی میزائلوں کے حملے میں دمشق کے قریب شام کے تین فوجی مارے گئے تھے۔
شام کے مانیٹرنگ ادارے کا کہنا ہے کہ دمشق کے قریب ہونے والے اسرائیلی حملوں میں ایران کی پوسٹس اور اسلحے کے ذخیرے کو نشانہ بنایا گیا۔
2011 میں شام میں خانہ جنگی چھڑنے کے بعد سے اسرائیل پڑوسی ملک پر سینکڑوں کی تعداد میں حملے کر چکا ہے،جن میں حکومتی فوجوں، ایران کی حمایت یافتہ
فورسز اور لبنان کی حزب اللہ کو نشانہ بنایا گیا۔
اگرچہ اسرائیل ایسے حملوں پر شاذ و نادر ہی تبصرہ کرتا ہے لیکن اس نے ان حملوں میں سے سینکڑوں کا اعتراف کیا ہے۔
اسرائیل کی فوج نے ان کو اپنا دفاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد دشمن کو دہلیز پر قدم جمانے سے روکنا تھا۔
شام میں جاری تنازع کے دوران اب تک تقریباً پانچ لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ نصف آبادی کو دوسرے ممالک کا رخ بھی کرنا پڑا ہے۔

شیئر: