Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مل کر علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے‘، سعودی سفیر کی وزیر داخلہ سے ملاقات

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ سے ملاقات کی ہے۔
بدھ کو وزارت داخلہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات میں پاک سعودی دو طرفہ تعلقات سمیت، باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔
سعودی سفیر نے رانا ثناء اللہ کو وزارت داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے تین ارب ڈالر رول اوور کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے تعلقات انتہائی دیرینہ اور برادرانہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے بے پناہ عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کے مشکل ترین حالات میں ہمیشہ دل کھول کر مدد اور معاونت کی ہے۔
وزیر داخلہ کے مطابق سعودی حکومت کی طرف سے تین ارب ڈالر کا رول اوور پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے انتہائی ناگزیر تھا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ سعودی عرب پاک سعودیہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ’وزیراعظم اوران کے وفد کے سعودی عرب دورہ کے لیےانتظامات پر بھی سعودی حکومت اور سفارتخانے کے ممنون ہیں۔‘
سعودی سفیر نے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان سے اس سال 81 ہزار سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔ ’رواں سال حج کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور پاکستان کے لیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز ہو چکا ہے۔‘

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔ فوٹو: وزارت داخلہ

وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے سعودی سفیر کو بتایا کہ پاکستان میں 2011 میں قتل کیے گئے سعودی سفارتکار حسن القہطانی کے مجرمان کو جلد قانون کی گرفت میں لائیں گے۔ ’قتل میں ملوث تمام مجرمان کے ایف آئی اے کے ذریعے ریڈ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ مجرمان کو پکڑنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پاک سعودی تعلقات خراب کرنے کی کسی بھی کو سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید بڑھائیں گے۔ دونوں ملک مل کر داخلی اور علاقائی سکیورٹی چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔‘

شیئر: