Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منکی پاکس میں مبتلا امریکی شہری میکسیکو کے ہسپتال سے فرار

میکسیکو میں اپنے قیام کے دوران مذکورہ شخص نے جلیسکو کے ریزورٹ ٹاؤن میں مانتامار بیچ کلب میں پارٹیوں میں شرکت کی (فائل فوٹو: روئٹرز)
منکی پاکس میں مبتلا ایک امریکی شہری میکسیکو کے ایک ریزورٹ میں واقع ہسپتال سے فرار ہو گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس واقعے کے بارے میں بدھ کو میکسیکو کے محکمہ صحت کے عہدے داروں نے آگاہ کیا۔
ریاستی محکمہ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ ٹیکساس کا رہائشی 48 سالہ شخص گزشتہ ہفتے کے آخر میں میکسیکو کے بحر الکاہل کے ساحل پر پورٹو والارٹا کے ہسپتال سے فرار ہو گیا تھا۔
’اس شخص کو طبی عملے کی طرف سے کہا گیا تھا کہ وہ منکی پوکس کا ٹیسٹ کرائے اور اسے علیحدگی میں رکھا جائے۔‘
جب وہ ہسپتال پہنچا تو اس میں ’کھانسی، سردی، پٹھوں میں درد اور چہرے، گردن پر آبلوں جیسی علامات تھیں۔
ہسپتال سے فرار ہونے کے بعد وہ اس ہوٹل میں گیا جہاں وہ اپنے ساتھی کے ساتھ رہ رہا تھا۔ بعد ازاں اس نے 4 جون کو پورٹو والارٹا سے ایک پرواز پکڑی اور فرار ہو گیا۔
امریکہ کے ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونٹیشن سنٹرز نے پیر کے روز میکسیکو کے حکام کو تصدیق کی کہ مریض امریکہ واپس آ گیا ہے جہاں ایک ٹیسٹ سے تصدیق ہوئی کہ اسے منکی پاکس ہے۔
27 مئی کو پورٹو والارٹا پہنچنے سے پہلے یہ شخص جرمنی کے شہر برلن اور اس کے بعد یہ ڈیلاس میں تھا۔
میکسیکو میں اپنے قیام کے دوران مذکورہ شخص نے جلیسکو کے ریزورٹ ٹاؤن میں مانتامار بیچ کلب میں پارٹیوں میں شرکت کی۔
میکسیکو  کے صحت کے حکام نے 27 مئی سے 4 جون کے درمیان کلب میں آنے والے ہر شخص سے اپنی صحت کا جائزہ لینے کو کہا ہے۔
خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے بدھ کو کہا کہ وہ ان ممالک میں منکی پاکس کے ایک ہزار سے زیادہ کیسز سے آگاہ ہے جہاں یہ بیماری مقامی نہیں ہے۔

شیئر: