Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر ایلون مسک کو ’خفیہ ڈیٹا‘ فراہم کرنے پر رضامند

ایلون مسک نے رواں برس اپریل کے آخر میں 44 ارب ڈالر کے معاہدے میں ٹوئٹر خریدنے پر اتفاق کیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسلک کو وہ خفیہ ڈیٹا فراہم کرنے پر تیار ہو گیا ہے جس کا مطالبہ اس پلیٹ فارم کو 44 ارب ڈالرز میں خریدنے کے معاملے میں رکاوٹ ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بدھ کو یہ خبر امریکی میڈیا میں رپورٹ کی گئی اور یہ ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ٹیسلا کمپنی کے مالک نے ٹوئٹر کو خریدنے کے اپنے معاہدے سے پیچھے ہٹنے کی دھمکی دی تھی اور یہ الزام لگایا تھا کہ ٹوئٹر جعلی اکاؤنٹس کا ڈیٹا فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔
واشنگٹن پوسٹ، نیو یارک ٹائمز اور ویب سائٹ ایکسیئس نے مذاکرات سے واقف نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر کے بورڈ نے ایلون مسک کو اپنے پلیٹ فارم پر روزانہ پوسٹ کی جانے والی لاکھوں ٹویٹس سے منسلک اپنے اندرونی ڈیٹا کے مکمل ’فائر ہوز‘ تک رسائی دینے کا فیصلہ کیا۔
ویڈبش کے تجزیہ کار ڈین ایوس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’اس سے ایلون مسک اور بورڈ کے درمیان اس ہاٹ بٹن کے معاملے پر بڑا ڈیڈ لاک ختم ہو جائے گا جس نے معاہدے کو روک دیا تھا۔‘
ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو پراگ اگروال نے کہا ہے کہ ٹوئٹر پر کسی بھی دن ایکٹو اکاؤنٹس میں سے پانچ فیصد سے بھی کم بوٹس ہوتے ہیں لیکن صارف کے ڈیٹا کو لازمی طور پر نجی رکھنے کی وجہ سے اس تجزیے کو باہر کسی اور کو نہیں دیا جا سکتا۔
پوسٹ کے مطابق تقریباً دو درجن کمپنیاں پہلے ہی ٹوئٹر کے اندرونی ڈیٹا کے بڑے ذخیرے تک رسائی کے لیے ادائیگی کر رہی ہیں، جس میں ٹوئٹس کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ اکاؤنٹس اور ڈیوائسز کے بارے میں معلومات بھی شامل ہیں۔
ٹوئٹر نے امریکی میڈیا کی ان رپورٹس پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا لیکن ایلون مسک کے مطالبات پر اپنے ردعمل کا دفاع کیا اور اس معاہدے کو اصل شرائط پر مکمل کرنے کا عزم کیا۔

 ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ ایلون مسک کی ٹوئٹر کی سرپرستی نفرت انگیز گروہوں اور غلط معلومات کی مہموں کو تقویت دے گی (فائل فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ ایلون مسک نے رواں برس اپریل کے آخر میں 44 ارب ڈالر کے معاہدے میں ٹوئٹر خریدنے پر اتفاق کیا تھا۔
ایلون مسک نے مئی کے وسط میں جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں کافی سوال اٹھانا شروع کر دیے تھے اور کہا  تھا کہ اگر ان کے خدشات دور نہ کیے گئے تو وہ اس معاہدے سے پیچھت ہٹ سکتے ہیں۔
کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ ٹوئٹر بوٹس کے بارے میں ایلون مسک کے سوالات معاہدہ ختم کرنے یا ٹوئٹر پر قیمت کم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کا حربہ ہیں۔
دوسری جانب ایلون مسک کے ٹوئٹر خریدنے کے امکانات پر ناقدین نے خبردار کیا ہے کہ ان کی سرپرستی نفرت انگیز گروہوں اور غلط معلومات کی مہموں کو تقویت دے گی۔

شیئر: